پشاور سے بھاری مقدار میں منشیات اسلام آباد اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

ویب ڈیسک  جمعـء 26 نومبر 2021
قبضے میں لی گئی منشیات میں 34.8 کلو گرام چرس اور 22.8 کلوگرام افیون شامل ہے، اے این ایف۔ فوٹو:فائل

قبضے میں لی گئی منشیات میں 34.8 کلو گرام چرس اور 22.8 کلوگرام افیون شامل ہے، اے این ایف۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس نے اسلام آباد پشاور انٹرچینج پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں منشیات اسلام آباد سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناکر خاتون سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ 

حکام کے مطابق اے این ایف راولپنڈی اور اے این ایف انٹیلجنس نے مشترکہ آپریشن کے دوران اسلام آباد، پشاور موٹر وے انٹر چینج پر کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد اسمگل ہونے والی بھاری مقدار میں منشیات قبضے میں لے کر خاتون سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

حکام نے بتایا کہ گاڑی میں نصب سی این جی سیلنڈر اور خفیہ خانوں میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی منشیات کا وزن مجموعی طور پر57 کلو گرام ہے، جس میں 34.8 کلو گرام چرس اور 22.8 کلوگرام افیون شامل ہے۔

اے این ایف کے مطابق کارروائی میں 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، جن کی شناخت خاتون شمائلہ، عنایت اللہ اور گلزار خان کے نام سے ہوئی ہے، گلزار اور شمائلہ کا تعلق اٹک جب کہ عنایت اللہ صوابی کا رہنے والا ہے۔  مُلزمان کے خلاف مُقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔