پاکستان ٹائیگرز کی بساط جلد سمیٹنے کیلیے پُراعتماد

اسپورٹس ڈیسک  پير 29 نومبر 2021
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے پر خوش ہوں، شاہین۔ فوٹو: اے ایف پی

ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے پر خوش ہوں، شاہین۔ فوٹو: اے ایف پی

 کراچی: پاکستان کم رنز پر ٹائیگرز کی بساط سمیٹنے کیلیے پراعتماد ہے۔

بنگلادیش کے خلاف چٹاگانگ میں جاری پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے اوپنر عابد علی کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد بنگلادیش ٹیم کو جلد آئوٹ کرکے ٹارگٹ حاصل کرنا ہوگا۔

تیسرے روز کے کھیل کے اختتام پر ان کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے بہت ہی اچھی بولنگ کی، وکٹ پر مختلف پیچز بنے ہوئے ہیں، اسپنرز ان سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں، چوتھے روز پچ قدرے مختلف ہوگی۔

عابد علی نے 133 رنز بنائے، انھوں نے میزبان اسپنرز کا قدرے ڈٹ کر سامنا کیا مگر آخر کار ایک اسپنر تیج الاسلام کی ہی وکٹ بنے، اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ایک اینڈ سے وکٹیں گرنے کی وجہ سے مجھ پر بھی دبائو بڑھ رہا تھا، کوشش یہی تھی کہ زیادہ دیر کریز پر رہوں، سنچری بنانے کی خوشی ہے لیکن اگر مزید خسارہ کم کرپاتا تو زیادہ فائدہ ہوتا۔

دوسری جانب دن کے آخر میں 3 وکٹیں اڑا کر بنگلادیش کو مشکل میں ڈالنے والے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کہتے ہیں کہ رواں سال ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے پر کافی خوش ہوں، ہمیشہ کوشش کرتا ہوں کہ پارٹنرشپ میں بولنگ کروں، طویل فارمیٹ میں حسن علی کے ساتھ اچھی پارٹنرشپ ہے، ہم رنز روکنے اور وکٹیں حاصل کرنے کیلیے ایسا کرتے ہیں، چٹاگانگ کی وکٹ کافی سلو اور چوتھے روز یہاں پر اسپنرز کو زیادہ مدد مل سکتی ہے، ہمیں امید ہے کہ میزبان ٹیم کو جلد آئوٹ کرلیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔