افغانستان کو 50ہزار میٹرک ٹن گندم عطیہ کرنے کا فیصلہ

شہباز رانا  منگل 30 نومبر 2021
گندم 5ارب کے امدادی پیکیج کا حصہ ہوگی، ادویات و دیگر سامان بھی بھیجا جائیگا۔ فوٹو : فائل

گندم 5ارب کے امدادی پیکیج کا حصہ ہوگی، ادویات و دیگر سامان بھی بھیجا جائیگا۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد:  پاکستان ہمسایہ ملک افغانستان کو 50ہزار میٹرک ٹن گندم عطیہ کرے گا۔

افغانستان کو گندم عطیہ کرنیکی منظوری کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی ) کے خصوصی اجلاس میں دی گئی۔ رواں سال اگست میں طالبان کی حکومت قائم ہوجانے کے بعد بین الاقوامی برادری بشمول مسلم ممالک نے جنگ زدہ افغانستان کی خاطر خواہ امداد نہیں کی۔

گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام ( ڈبلیو ایف پی) نے متنبہ کیا تھا یہ اگر ہنگامی اقدام نہ کیے گئے تو اس موسم سرما میں لاکھوں افغان فاقہ کشی کا شکار ہوجائیں گے۔ پاکستان اپنے محدود وسائل کے باوجود افغان عوام کا ساتھ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے افغان انٹر منسٹریل کوآرڈینیشن سیل ( اے آئی سی سی ) کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں افغانستان کو 5 ارب روپے کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ وزارت غذائی تحفظ و تحقیق کے مطابق ڈھائی ارب روپے مالیت کی50ہزار ٹن گندم اسی اعلان کا حصہ ہے۔

دوران اجلاس ای سی سی کو بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کے لیے مختص کرنے کے بعد بھی اتنی گندم موجود ہے کہ پڑوسی ملک کو عطیہ کی جاسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق اپیکس کمیٹی نے 50کروڑ مالیت کی دوائیں بھی افغانستا کو فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

علاوہ ازیں این ڈی ایم اے کے ذریعے سردیوں سے بچائو کا سامان بشمول 1500خیمے، 8500کمبل اور 14000ترپالیں، بھی فراہم کیا جائے گا۔ 5ارب کے پیکیج میں سے باقی ماندہ امداد چاول کی صورت میں فراہم کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔