کنگنا رناوت کو جان سے مارنے کی دھمکیاں

ویب ڈیسک  منگل 30 نومبر 2021
کنگنا رناوت نے انہیں قتل کی دھمکیاں ملنے کی خبر انسٹاگرام پر ایک طویل پوسٹ میں دی ، فوٹوفائل

کنگنا رناوت نے انہیں قتل کی دھمکیاں ملنے کی خبر انسٹاگرام پر ایک طویل پوسٹ میں دی ، فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے کے بعد پولیس میں شکایت درج کرادی۔

اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے مشہور بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کو سکھ برادری سے متعلق متنازع بیان دینا مہنگا پڑگیا۔ اداکارہ کی جانب سے سکھ کمیونٹی کے لیے ’’دہشت گرد‘‘ کا لفظ استعمال کیے جانے کے بعد انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنا رناوت نے انہیں قتل کی دھمکیاں ملنے کی خبر انسٹاگرام پر ایک طویل پوسٹ میں دی اور بتایا کہ بھارتی پنجاب کے شہر بھٹنڈہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے انہیں کھلے عام جان سے مارنے کی دھمکی دی ہے۔ تاہم میں اس قسم کی گیدڑ بھبھکیوں یا دھمکیوں سے نہیں ڈرتی۔ میں ملک کے خلاف سازش کرنے والوں کے خلاف بولتی رہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: کنگنا رناوت کو مینٹل اسپتال بھجوانے کا مطالبہ

کنگنا رناوت نے اپنے گزشتہ بیان جس میں انہوں نے واضح الفاظ میں سکھوں کے خلاف انسٹاگرام پر توہین آمیز زبان استعمال کرتے ہوئے کسانوں کے احتجاج کو ’’خالصتانی تحریک‘‘ اور سکھ برادری کو ’’خالصتانی دہشت گرد‘‘ کہا تھا اب اپنے اس بیان سے مکر گئیں اور کہا میں نے کبھی کسی ذات، مذہب یا گروہ کے بارے میں کوئی تضحیک آمیز یا نفرت انگیز بات نہیں کی۔

اپنی پوسٹ میں کنگنا رناوت نے بتایا کہ انہوں نے دھمکیوں کے خلاف پولیس میں ایف آئی آر درج کرائی ہے اور امید ہے پنجاب حکومت اس پر جلد ایکشن لے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سکھوں کو ’’دہشت گرد‘‘ کہنے پر کنگنا مشکل میں پھنس گئیں

کنگنا نے مزید کہا کہ پنجاب میں الیکشن ہونے والے ہیں اس لیے کچھ لوگ ان کے الفاظ کو سیاق و سباق کے بغیر استعمال کررہے ہیں اور اگر مستقبل میں انہیں کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار صرف نفرت اور بیان بازی کی سیاست کرنے والے ہوں گے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل کنگنا رناوت نے مودی حکومت کی جانب سے متنازع زرعی قوانین واپس لینے کے فیصلے کے بعد انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں کسانوں کے احتجاج کو سکھ برادری سے جوڑتے ہوئے انہیں خالصتان کا دہشت گرد قرار دیاتھا۔

یہ بھی پڑھیں:  کنگنا مودی حکومت کے متنازع زرعی قوانین واپس لینے کے فیصلے پر ناخوش

کنگنا کے اس بیان سے سکھ برادی کے جذبات کو ٹھیس پہنچی تھی اور انہوں نے کنگنا کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرواتے ہوئے انہیں 6 دسمبر کو وضاحت دینے کے لیے کمیٹی کے سامنے طلب کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔