بیروزگار نوجوان کی شاپنگ مال کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی

ویب ڈیسک  منگل 30 نومبر 2021
متوفی کافی عرصے سے بے روزگار تھا اور خودکشی سے قبل ایک کمپنی میں ملازمت کے لیے انٹرویو دے کر آیا تھا۔(فوٹو: فائل)

متوفی کافی عرصے سے بے روزگار تھا اور خودکشی سے قبل ایک کمپنی میں ملازمت کے لیے انٹرویو دے کر آیا تھا۔(فوٹو: فائل)

 کراچی: راشد منہاس روڈ پر واقع لکی ون شاپنگ مال کی تیسری منزل سے بے روزگار نوجوان نے چھلانگ لگاکر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آج شام 5 بجے راشد منہاس روڈ پر واقع  لکی ون شاپنگ مال کی تیسری منزل سے 30 سالہ زہیر حسین ولد محمد ہاشم عابدی نے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی، اس دلخراش واقعے کودیکھ کر خریداری کے لیے آنے والے افراد کی چیخیں نکل گئی، جب کہ وہاں موجود درجنوں افراد وہاں سے چلے گئے۔جائے وقوعہ پر موجود کچھ افراد نے اس افسوس ناک واقعے کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔

پولیس کے مطابق متوفی تیسری منزل سے سر کے بل فرش پر گر کر موقع پر ہی دم توڑگیا تھا۔ پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔ متوفی انچولی کا رہائشی تھا اس کی والدہ اسکول ٹیچر ہیں جب کہ اس مزید 2 بھائی اور ایک بہن ہے۔ متوفی کے دونوں بھائی آن لائن کام کرتے ہیں جب کہ وہ کافی عرصے سے بے روزگا ر تھا۔

متوفی ملازمت کے لیے متعدد کمپینوں، فیکٹریوں، کارخانوں اور دفاترمیں انٹرویو دے چکا تھا مگر اسے کہیں نوکری نہیں ملی، خودکشی سے قبل بھی اس نے ایک کمپنی میں انٹرویو دیا تھا جہاں اسے ملازمت دینے سے منع کردیا گیا، انٹرویو کے بعد زہیر حسین نے شاپنگ مال آکر تیسری منزل سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔