نروس نائنٹیز کے شکار عابد علی اہم اعزاز سے محروم

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 1 دسمبر 2021
9رنزکی کمی سے دونوں اننگزمیں سنچری بنانے والے کلب کی رکنیت نہ پا سکے ۔فوٹو : فائل

9رنزکی کمی سے دونوں اننگزمیں سنچری بنانے والے کلب کی رکنیت نہ پا سکے ۔فوٹو : فائل

 لاہور: نروس نائنٹیز کے شکار عابد علی اہم اعزاز سے محروم رہ گئے جب کہ عابد علی 9رنز کی کمی سے دونوں اننگز میں سنچری بنانے والے کلب کی رکنیت نہ پا سکے۔ 

چٹاگانگ ٹیسٹ میں عابد علی نے پہلی اننگز میں سنچری بنائی مگر دوسری میں 91پر وکٹ گنوا بیٹھے،اس سے قبل 9بیٹرز حنیف محمد1962 انگلینڈ، جاوید میانداد1984نیوزی لینڈ، وجاہت اللہ واسطی1999سری لنکا، یاسر حمید2003بنگلادیش، انضمام الحق 2005 انگلینڈ،محمد یوسف 2006 ویسٹ انڈیز،یونس خان، اظہر علی اور مصباح الحق 2014میں آسٹریلیا کیخلاف دونوں اننگز میں سنچری کا کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔ عابد علی ایک اننگز میں سنچری اور دوسری میں 90یا زائد رنز بنانے والے ساتویں بیٹر بن گئے۔

حنیف محمد نے 1964 میں آسٹریلیا کیخلاف پہلی باری میں 104 اور دوسری میں 93 رنز اسکور کیے تھے،ظہیر عباس نے 1978میں بھارت سے میچ کی پہلی اننگز میں 176 اور دوسری میں 96 رنز بنائے، محسن خان نے 1982میں بھارت کیخلاف پہلی باری میں 94 اور دوسری میں 101 رنز اسکور کیے تھے،سعید انور نے 1994 میں سری لنکا سے میچ میں 94 اور 136 کی اننگز کھیلیں،یونس خان نے 2001 میں نیوزی لینڈ کیخلاف 91 اور پھر 149 اسکور کیے، محمد حفیظ نے 2014 میں کیویز کے مقابل پہلی باری میں 96 اور دوسری میں 101 رنز بنائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔