چٹاگانگ ٹیسٹ؛ اوپنرز کی ثابت قدمی نے کپتان کا دل جیت لیا

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 1 دسمبر 2021
ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی فارم سے حاصل شدہ اعتماد کام آگیا،عابد علی
 فوٹو : فائل

ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی فارم سے حاصل شدہ اعتماد کام آگیا،عابد علی فوٹو : فائل

 لاہور: اوپنرزکی ثابت قدمی نے کپتان کا دل جیت لیا جب کہ بابر اعظم کا کہنا ہے کہ مشکل کنڈیشنز میں عابد علی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، عبداللہ شفیق نے بھی ڈیبیو میچ میں اپنی اننگز عمدگی سے آگے بڑھائی۔

چٹاگانگ ٹیسٹ میں فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہاکہ طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں اتار چڑھاؤآتے ہیں مگر کم بیک کا موقع بھی ہوتا ہے، یہی ٹیسٹ فارمیٹ کی خوبصورتی بھی ہے، ہمیں پہلے میچ سے قبل تیاری کا زیادہ وقت نہیں مل سکا مگر خوشی کی بات ہے کہ بنگلادیش کی جانب سے ایک بڑی شراکت قائم ہونے کے بعد فاسٹ بولرز نے اچھا کم بیک کیا۔

انہوں نے کہا کہ حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ بولنگ سے بیٹنگ پر دباؤکم کیا، پارٹنرشپس توڑنے کیلیے آئندہ ہمیں بولنگ میں مزید بہتری لانا پڑے گی، مشکل کنڈیشنز میں عابد علی نے دونوں اننگز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا،عبداللہ شفیق نے ڈیبیو میچ میں اپنی اننگز عمدگی سے آگے بڑھائی، نوجوان اوپنرز سے آئندہ بھی اسی طرح کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی توقعات وابستہ ہیں، دونوں کی بہترین پرفارمنس کی وجہ سے ٹیم مشکل صورتحال سے نکلنے میں کامیاب ہوئی۔

مین آف دی میچ عابد علی نے کہا کہ دوسری اننگز میں سنچری مکمل نہ کرنے پر افسوس ہوا مگر یہ کھیل کا حصہ اور خوشی ہے کہ پاکستان میچ جیت گیا، ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی فارم کی بدولت پْراعتماد ہونے کی وجہ سے بنگلادیش کیخلاف اچھی اننگز کھیلنے میں کامیابی ہوئی، دوسرے میچ میں بھی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا۔

انھوں نے کہا کہ عبداللہ نے میرا ساتھ بخوبی نبھایا، ہم دونوں ایک دوسرے کی غلطیوں کی نشاندہی کرتے رہے، آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا ہر میچ اہم ہے، دوسرے میچ میں فتح کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں پوزیشن بہتر بنائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔