فواد چوہدری کی سجل علی کی فلم ’’کھیل کھیل میں‘‘ کی تعریفیں

ویب ڈیسک  بدھ 1 دسمبر 2021
فلم کی جو بات سب سے زیادہ پسند آئی ہے وہ فلم کے موضوع کا انتخاب ہے، فواد چوہدری

فلم کی جو بات سب سے زیادہ پسند آئی ہے وہ فلم کے موضوع کا انتخاب ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو سجل علی اور بلال عباس خان کی فلم ’’کھیل کھیل میں‘‘ بھاگئی اور انہوں نے کہا ہے کہ یہ فلم دیکھنے کےلائق ہے۔

کورونا وبا کے بعد اداکارہ سجل علی اور بلال عباس خان کی فلم ’’کھیل کھیل میں‘‘سینما میں ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم ہے۔ فلم پاکستانی سینماؤں میں 19 نومبر کو ریلیز کی گئی تھی۔

پیر کے روز اسلام آباد میں فلم کی خصوصی اسکریننگ منعقد کی گئی جس میں صدر مملکت عارف علوی، ان کی اہلیہ ثمینہ علوی، سینیٹر فیصل جاوید خان اور وزیراطلاعات فواد چوہدری نے شرکت کی۔

فلم کو شائقین اور تجزیہ نگاروں کی جانب سے ملا جلا ردعمل مل رہا ہے۔ تاہم فواد چوہدری کو فلم پسند آئی ہے۔ مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے فلم کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس فلم کی جو بات سب سے زیادہ پسند آئی ہے وہ فلم کے موضوع کا انتخاب ہے کیونکہ 1971 کے سانحے پر زیادہ کام نہیں ہوا۔

وفاقی وزیر نے کہا کراچی، لاہور اور ڈھاکا میں اب بھی لاکھوں لوگ پھنسے ہوئے ہیں اور کسی نے بھی ان کے بارے میں بات نہیں کی لیکن یہ فلم ان لوگوں کے بارے میں بات کرتی ہے۔ یہ ایک حساس موضوع ہے اور فلمسازوں نے اسے متوازن انداز میں بنایا ہے۔

فواد چوہدری نے فلم کی پروڈکشن کوالٹی کی تعریف کرتے ہوئے کہا فلم کی سینیماٹو گرافی، ہدایت کاری اور سیٹس سب بہت اچھے ہیں یہ دیکھنے کے لائق فلم ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔