ٹیسٹ رینکنگ؛ پاکستانی بولرز بھی دھاک بٹھانے لگے

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 2 دسمبر 2021
بیٹرزمیں عابدکا20 واں درجہ،بابر1قدم پیچھے ہٹتے ہوئے آٹھویں نمبرپرچلے گئے ۔ فوٹو : فائل

بیٹرزمیں عابدکا20 واں درجہ،بابر1قدم پیچھے ہٹتے ہوئے آٹھویں نمبرپرچلے گئے ۔ فوٹو : فائل

 لاہور: عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستانی بولرز بھی دھاک بٹھانے لگے۔

بنگلادیش سے میچ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے شاہین شاہ آفریدی 3درجے ترقی پاتے ہوئے آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں کیریئر کی بہترین پانچویں پوزیشن پر آگئے،پیسر نے چٹاگانگ میں مجموعی طور پر 7 وکٹیں حاصل کی تھیں،اسی ٹیسٹ میں 7 شکار کرنے والے ایک اور پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی 5درجے اوپرکیریئر بیسٹ 11ویں پوزیشن پر آگئے۔

ابتدائی چاروں پوزیشنز پر کوئی فرق نہیں پڑا، پیٹ کمنز بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں، روی چندرن ایشون دوسرے، ٹم ساؤدی تیسرے اور جوش ہیزل ووڈ چوتھے درجے پر ہیں،شاہین شاہ آفریدی کی پانچویں پوزیشن پر جگہ بنانے کیلیے نیل ویگنر، کاگیسو ربادا اور جیمز اینڈرسن کو ایک ایک قدم پیچھے ہٹنا پڑا، کائیل جمیسن 6درجے ترقی کے ساتھ کیریئر کی بہترین نویں اور جسپریت بمرا دسویں پوزیشن پر ہیں۔

دوسری جانب بیٹرز میں عابدعلی بنگلادیش کیخلاف 133 اور 91 کی اننگز کی بدولت 28 درجے ترقی پا کر کیریئر کی بہترین 20 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔

ڈیبیو ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں ففٹیز بنا کر عبداللہ شفیق نے83ویں نمبر کے ساتھ رینکنگ میں انٹری دی، بڑی اننگز نہ کھیل پانے والے کپتان بابراعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد ساتویں سے آٹھویں نمبر پر چلے گئے، جو روٹ سرفہرست، اسٹیون اسمتھ دوسرے، کین ولیمسن تیسرے،مارنس لبوشین چوتھے،روہت شرما پانچویں،ویراٹ کوہلی چھٹے، ڈیموتھ کرونارتنے 4 درجے ترقی کے ساتھ ساتویں، بابر اعظم آٹھویں، پانچ درجے بہتری کے بعد ٹام لیتھم نویں اور ڈیوڈ وارنر دسویں نمبر پر ہیں۔

آل راؤنڈرز میں جیسن ہولڈر پہلی، رویندرا جدیجا دوسری اور ایشون تیسری پوزیشن پر رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔