ماہرتعلیم اور اردوکے معروف نقاد پروفیسررئیس علوی انتقال کرگئے

صفدر رضوی  جمعرات 2 دسمبر 2021
وہ گزشتہ کچھ عرصے سے سرطان کے مرض میں مبتلا اورسڈنی کے ایک اسپتال میں زیرعلاج تھے۔فوٹو : فائل

وہ گزشتہ کچھ عرصے سے سرطان کے مرض میں مبتلا اورسڈنی کے ایک اسپتال میں زیرعلاج تھے۔فوٹو : فائل

 کراچی: معروف ماہر تعلیم و لسانیات، اردوادب کے نقاد اورشاعراورجامعہ کراچی کے سابق رجسٹرار پروفیسررئیس علوی آسٹریلیاکے شہر سڈنی میں انتقال کرگئے۔

مرحوم پروفیسررئیس علوی کی عمر 76برس تھی انھوں نے پسماندگان میں ایک بیٹے اوربیٹی سمیت خاندان کے دیگرافراد وبے شمار چاہنے والوں کوسوگوارچھوڑاہے ان کی نماز جنازہ کے بعد تدفین آج سڈنی میں ہی کی جائے گی۔

وہ گزشتہ کچھ عرصے سے سرطان کے مرض میں مبتلا اورسڈنی کے ایک اسپتال میں زیرعلاج تھے پروفیسررئیس علوی 7مئی 1946میں بھارت کے شہر لکھنومیں پیداہوئے انھوں نے لکھنوسے میٹرک پاس کیااورتقسیم ہند کے بعد پاکستان منتقل ہوگئے اورکراچی آکراپنے تعلیمی سلسلے کوجاری رکھا۔

انھوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ اردوسے 1965میں لسانیات وادب میں ماسٹرزکیااور1965سے 1984تک کراچی کے سراج الدولہ کالج میں تدریسی خدمات انجام دیتے رہے وہ دسمبر2005سے جون 2010تک ساڑھے 4سال تک ڈاکٹرپیرزادہ قاسم کے دورسربراہی میں جامعہ کراچی کے رجسٹراررہے جبکہ ازاں بعدخادم علی شاہ انسٹی ٹیوٹ (کیسبٹ) اورنیوپورٹ انسٹی ٹیوٹ کے ریکٹرکے طورپربھی خدمات انجام دیں۔

انھوں نے جاپان کے پروفسیرسوزوکی تاکیشی کے ساتھ ملکرکئی تصانیف کی جن میں ’’اردوجیپنیزڈیلی کنورسیشن،گل ساد برگ،چاند کے چاررنگ (شعری ترجمہ)،غزل نامہ ،صدا ابھرتی ہے‘‘شامل ہے۔

انھیں اردوزبان کی ترقی اورجدت کے حوالے سے کیے گئے کام اورخدمات پر’’ ہندی اردوساہتھیاایوارڈ کمیٹی یوپی کااردوادب ایوارڈ 2007‘‘سے نوازاگیا۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرخالد عراقی،ناظم امتحانات ظفرحسین،رجسٹرارپرائیویٹ انسٹی ٹیوشنزسندھ رفعیہ ملاح،ڈپٹی ڈائریکٹراخلاق احمد اورافضال احمد سندھ بوائے اسکاؤٹس کے سیکریٹری اخترمیر،سندھ بوائے اسکاؤٹس کے کمشنراورچیف سیکریٹری سندھ ممتاز شاہ،جسٹس ریٹائرڈ حسن فیروز ودیگراحباب نے مرحوم کی موت پر سوگواران سے دلی تعزیت کااظہارکیاہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔