حجام کی دکان میں پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ سے راہگیر جاں بحق

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 2 دسمبر 2021
مقتول فیڈل بی ایریا بلاک 14 کا رہائشی تھا، پولیس۔(فوٹو: فائل)

مقتول فیڈل بی ایریا بلاک 14 کا رہائشی تھا، پولیس۔(فوٹو: فائل)

کراچی: جوہر آباد فیڈرل بی ایریا میں ہیر ڈریسر کی دکان کے اندر ڈکیتی کے دوران پولیس اہلکار اور ڈاکوؤں کی فائرنگ کے تبادلے میں راہگیر جاں بحق ہوگیا۔ 

کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں فائرنگ کے واقعے میں راہگیر جاں بحق جب کہ پولیس اہلکار سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔ ایس ایچ او جوہر آباد غیور عباس نے بتایا کہ بدھ کی شب نصیر آباد اسٹاپ بلاک 14 کوئٹہ دربار ہوٹل کے قریب ہیئر ڈریسر کی دکان میں 2 ڈاکوؤں نے گھس کر لوٹ مار شروع کر دی، اس دوران وہاں پر موجود خواجہ اجمیر نگری تھانے کا پولیس اہلکار سعد رؤف بھی بال کٹوا رہا تھا جس نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کر دی اس دوران ملزمان نے دکان سے باہر نکلتے ہی فائرنگ شروع کر دی اور موقع سے فرار ہوگئے۔

تھانہ جوہر آباد پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں راہگیر 42 محمد سلیمان سینے پر گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا، مقتول فیڈل بی ایریا بلاک 14 کا رہائشی تھا، جب کہ پولیس اہلکار سعد اور دکان کے سامنے چائے کے ہوٹل کا ملازم شمس اللہ ٹانگ پر گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق علاقہ مکینوں نے بتایا کہ پولیس اہلکار کو رش والے مقام پر فائرنگ سے گریز کرنا چاہیے تھا، اس کی فائرنگ سے ملزمان نے اپنی جان بچانے کے خاطر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے ایک شہری جان سے گیا اور اس بات کا بھی تعین ہونا چاہیے کہ شہری کس کی گولی لگنے سے زندگی کی بازی ہارا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔