اخروٹوں میں بھری چرس اور آئس اسمگلنگ کی کوشش ناکام

صالح مغل  جمعرات 2 دسمبر 2021
ملزم نے آئیس اور چرس انتہائی مہارت سے اخروٹوں میں بھر کے رکھی ہوئی تھی۔ فوٹو : فائل

ملزم نے آئیس اور چرس انتہائی مہارت سے اخروٹوں میں بھر کے رکھی ہوئی تھی۔ فوٹو : فائل

 راولپنڈی: ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹیکس کنڑول ڈیپارٹمنٹ جہلم نے انوکھے طریقے سے منشیات لاہور اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔

ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ جہلم نے جی ٹی روڈ کے راستے انوکھے طریقے سے منشیات لاہور اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی، ملزم نے آئیس اور چرس انتہائی مہارت سے اخروٹوں میں بھر کے رکھی ہوئی تھی۔

حکام کے مطابق ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ جہلم کی ٹیم نے سوہاوہ جی ٹی روڈ پر خیبرپختون خوا کی جانب سے لاہور جانے والی مسافر وین کو روک کر چیک کیا تو لاہور سے تعلق رکھنے والے شکیل نامی مسافر کے سامان میں ڈرائی فروٹ میں 2 کلو گرام اخروٹ وغیرہ موجود پائے گئے جن کی ساخت پر شک گزرنے پر عملے نے توڑ کر دیکھا تو اندرے سے پولی تھین کی تھیلیوں میں مہارت سے چھپائی گئی آئس اور چرس برآمد ہوئی۔

ڈسٹرکٹ آفیسرایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول اورنگزیب خان کا کہنا تھا کہ منشیات برآمد ہونے پر ملزم کو تحویل میں لیکر منشیات سمیت سوہاوہ پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے جہاں ملزم سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔