لڑکی ہے کہ حیرت اطالوی ٹاپ فیشن ماڈل: رَوبرٹا مینکینو

ناصر ذوالفقار  اتوار 9 فروری 2014
بڑی بڑی سبزمائل آنکھیں، پرکشش ہونٹ اور متاثر کن خدوخال والے بدن نے اس کے لیے فیشن میں کام یابی کی راہیں کھول دی تھی۔ فوٹو : فائل

بڑی بڑی سبزمائل آنکھیں، پرکشش ہونٹ اور متاثر کن خدوخال والے بدن نے اس کے لیے فیشن میں کام یابی کی راہیں کھول دی تھی۔ فوٹو : فائل

اٹلی کی سرزمین بین الاقوامی سطح پر فلم اور ماڈلنگ کے لیے ہمیشہ سے بڑی زرخیز رہی ہے۔ اٹلی کی بے شمار حسین ماڈلز اور اداکاراؤں کو دنیا کے سامنے پیش کیا گیا۔

جنہوں نے اپنے حسن اور فن کارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے جبکہ متعدد اداکاراؤں نے برسوں بین الاقوامی شائقین سنیما کے دلوں پر راج کیا اور اپنا جادو جگایا ہے ان میں ماضی کی لیجنڈ اداکارائیں سوفیا لارین، جینا لُولُوبرجیڈا، کیٹرینا مرینو، ازابیلا روسولینی، کلوڈیا کارڈنیل اور ڈینیلا بیانچی (فرام رشیا ودھ لو) نمائیاں ترین رہی ہیں۔

جب کہ اس دور میں اٹلی کی معروف و مقبول اداکاراؤں میں 49 سالہ مونیکا بلوِچے،45 سالہ ماریہ گر ازیا کوچی نوتا (بطور سگار گرل ’’دی ورلڈ از ناٹ اننف‘‘)38 سالہ ایشیا اَرجینتواور 37 سالہ ویلنٹیناسروی نمایاں ہیں، جنہوں نے بین الاقوامی شہرت حاصل کی ہے۔ یہاں جس ماڈل کا تذکرہ کیا جارہا ہے وہ بھی اپنی پیش رو اور ہم عصروں کی طرح فیشن ماڈلنگ کی دنیا میں اپنا مقام بناچکی ہے، مگر اس کی فطری خداداد صلاحیتوں اور انفرادی شخصیت نے اسے دنیا کی سب سے ممتاز خاتون ایتھلیٹ بنادیا ہے، جس نے ساری دنیا میں اپنے نام کے ساتھ اٹلی کا پرچم بھی سربلند کیا ہوا ہے۔

پہلی نظر میں وہ ایک نازک اندام اور خوب صورت ماڈل ہی دکھائی دیتی ہے۔ بڑی بڑی سبزمائل آنکھیں، پرکشش ہونٹ اور متاثر کن خدوخال والے بدن نے اس کے لیے فیشن میں کام یابی کی راہیں کھول دی تھیں، مگر اس کا فطرت سے قلبی لگاؤ اور دلیرانہ سوچ نے اسے بطور ایک ماڈل اپنی کام یابی پر اکتفا نہیں کرنے دیا۔

یہ ایک غیر روایتی مشغلہ رکھنے والی بہادر اطالوی سپرماڈل 33 سالہ روبرٹا مینکینو (Roberta Mencino)ہے، جسے عرف عام میں َروبرٹا لیچیوس (Roberta-licious) کہا جاتا ہے، جس نے مردانہ وار کھیلوں میں مردوں کو بھی پیچھے دھکیل دیا ہے۔ اس نے اسکائی ڈائیونگ (فضاء میں اڑتے ہوئے قلابازیاں کھانا) Base جمپنگ (اونچائی والے مقام سے کودنا) فلائنگ سوٹ کی فلائینگ (ہوائی لباس پہن کر فضاء میں اڑنا) اور غوطہ خوری جیسے کھیلوں میں اپنا کیریر بنایا ہے۔ اس جنونی لڑکی نے اب تک 8000 ہزار اسکائی ڈائیونگ کی قلابازیاں مکمل کرلی ہیں اور متعدد ایوارڈ ز وصول کرنے کے ساتھ وہ کئی عالمی ریکارڈز بھی بناچکی ہے۔ رابرٹا نے چا ر بار فضاء میں نیم برہنہ حالت میں اسکائی ڈائیونگ کی اور پانچ مواقع ایسے تھے کہ جب اس کے پیراشوٹس ناکارہ ہوگئے جو درمیانی جمپ کے وقت کھل نہ سکے۔ وہ اسکوبا ڈائیونگ (غوطہ خوری) میں بھی مہارت رکھتی ہے جس میں زیرسمندر شارک مچھلیوں کے ساتھ رائیڈنگ بھی کی جاتی ہے۔

یہ عام طور پر جیمز بانڈ سیریز کی فلموں کے مناظر جیسا ہوتا ہے، جس میں آئن فلیمنگ کی کہانیوں کی ہیروئن کی طرح جو کہ مختصر کپڑے زیب تن کرتی ہیں اور سرخی پوڈر کا بہت ہی کم استعمال کرتی ہیں۔ وہ غیرمعمولی کارنامے انجام دیتی ہوئی نظر آتی ہیں۔ اسے بانڈ سیریز فلموں کا اہم فیچر بنایا گیا ہے۔ یہ رول غیر معمولی صلاحیت کی حامل اداکارائیں پرفارمز کرتی آئی ہیں اور یہ ’’بانڈ گرل ‘‘ کے طور پر فلموں کا سب سے مقبول اور اہم فیچر بھی رہا ہے۔ رابرٹا ہمیں ایک حقیقی بانڈ گرل کے روپ میں دکھائی دیتی ہے، جوکہ جیمزبانڈ کے ناولز یا فلمی کہانیوں سے کہیں بڑھ چڑھ کر ہے۔

وہ بھی عام زندگی میں زیادہ تر میک اپ کے بغیر نظر آتی ہے، جسے سجے سجانے سے زیادہ دل چسپی نہیں۔ روبرٹا اس کے علاوہ کک باکسنگ بھی کرتی ہے، جس میں اس نے بلیک بیلٹ حاصل کی ہے اور ان تمام مردانہ قسم کے مشاغل کے ساتھ وہ کوکنگ سے بھی شغف رکھتی ہے۔ معروف جریدے “Men Fintness” نے اسے 9 دسمبر 2010 ء میں دنیا کی سب سے پرکشش ترین خاتون ایتھلیٹ کھلاڑی قرار دیا تھا۔

روبرٹا 3 اگست 1980 ء میں اٹلی کے ایک چھوٹے سے ٹاؤن “Anzio” میں پیدا ہوئی تھی۔ یہ اٹلی کے مغربی ساحل پر واقع ہے ۔ 16 برس کی عمر میں اس نے ایک میگزین کے فوٹو شوٹس کے ذریعے اپنے ماڈلنگ کیریر کی ابتدا کی جب کہ اسکائی ڈائیونگ روبرٹا نے2001 ء میں شروع کی جب وہ 21 برس کی ہوچکی تھی۔ وہ فلم “Point Break” سے متاثر ہوگئی تھی۔ اس کے قریبی دوست نے اسکائی ڈائیونگ کی پہلی کوشش میں اس کی حوصلہ افزائی کی جب ان دونوں نے ساتھ فضاء میں ڈائیونگ کے لیے چھلانگ لگائی۔ ایک خاتون اور نازک اندام ماڈل کے لیے یہ نہایت ہی خطرناک تجربہ تھا، لیکن یہ غیرمعمولی قوت ارادی اور مضبوط اعصاب رکھنے والی لڑکی تھی، جس نے پہلی ہی ڈائیونگ کی کوشش میں اپنے لیے خوشی محسوس کی اور اس کے بعد اس نے سنجیدگی سے اسکائی ڈائیونگ کو مشغلے کو باقاعدہ پیشے کے طور پر اپنانے کا فیصلہ کرلیا۔

یہ وہ وقت تھا جب لوگ ایک کوچ کی طرح اس سے راہ نمائی حاصل کرنے لگے تھے، جس سے روبرٹا کے لیے فیصلہ کرنا آسان ہوگیا اور بالآخر اس نے بین الاقوامی اسکائی ڈائیونگ کے مقابلے میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لینا شروع کردیا اور شمالی کیرولینا (امریکا) کے ٹریننگ مرکز ” Skyventure XP Paraclete” میں اپنی باقاعدہ تربیت کی شروعات کردیں۔ اسکائی ڈائیونگ ایک خطرناک ترین کھیل ہے جوکہ ہزاروں فٹ کی بلند ی پر فضاؤں میں کیا جاتا ہے، جہاں ہوا کا زبردست دباؤ اور زور ہوتا ہے، جس کے توازن سے فضاء میں طیارے اڑانیں بھرتے ہیں۔ اسی مناسبت سے اسے اسکائی ڈائیونگ (آسمانی قلابازی) کہا جاتا ہے۔ ہوا کا یہ زبردست دباؤ اسکائی ایتھلیٹ کو ہوا میں معلق کردیتا ہے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وہ اپنے جسم کے توازن کو قائم رکھ کر فضاء میں قلابازیاں لگاتے ہیں اور اڑنے لگتے ہیں۔ طاقت اور توازن کا یہ کھیل زیادہ تر مرد ایتھلیٹس کے ہی حصّے میں آیا ہے۔

2008ء میں روبرٹا اٹلی کے ٹیلی ویژن پروگرام “Le Iene with Marco Berry” میں جلوہ گر ہوئی تھیں۔ اس شو میں اس نے اپنے کودنے، قلابازیاں کھانے اور آزادانہ اڑان کے بارے میں کھل کر ذکر کیا اور اپنی مہارت کو سامعین کے سامنے پیش کیا۔ روبرٹا کی اپنے بوائے فرینڈ جِیب کورلیس(Jeb Corliss) سے ملاقات کے بعد اس کی پیشہ ورانہ اور ایڈونچرز سے پُر سرگرمیوں میں مزید نکھار آگیا اور وہ اب Base جمپ کی جانب بھی راغب ہوگئی۔ بیس جمپ میں کسی پہاڑ یا بلند ترین مقام (Base) سے کودا جاتا ہے اور فضاء میں پیراشوٹ کے کی مدد سے ہوا میں محو پرواز ہونا ہوتا ہے۔ 2009 ء میں روبرٹا نے اپنے دوست کورلیس کی رفاقت میں بیس کی چھلانگوں کے بارے میں جاننا اور سیکھنا شروع کردیا تھا۔

کورلیس پہلے ہی بیس جمپر بن چکا تھا اور پھر دونوں نے اپنے عزائم کی تکمیل کے لیے منصوبہ بندی کی اور ا سے عملی شکل دی۔ اس وقت تک روبرٹا مینکینو اپنی 5500 اسکائی ڈائیونگ کی قلابازیاں لگاچکی تھی۔ رابرٹا نے کورلیس کی شراکت میں اپنی بیس جمپنگ کی ابتدا بھی کردی اور دونوں نے ایک ساتھ رہتے ہوئے 115 چھلانگیں اونچے مقام سے لگا ڈالیں۔

ان میں ونگ سوٹ کے ساتھ 35 چھلانگیں بھی شامل ہیں، جو اگست 2009 سے ستمبر2011 ء کے دوارن لگائی گئی تھیں۔ ونگ سوٹ دراصل پیراشوٹس کے کپڑے سے بنا ایک جاذب ِنظر لباس ہوتا ہے جوکہ فضاء میں اڑنے والے ایتھلیٹس کو ایک پتنگ کی مانند اڑانے میں مدد فراہم کرتا ہے، جس سے وہ اپنا توازن قائم رکھتے ہیں کیوںکہ کورلیس ونگ سوٹ کے ساتھ اڑنے میں بھی مہارت رکھتا تھا۔ اسی لیے روبرٹا نے اس شوق کو بھی اپنالیا وہ ونگ سوٹس پہن کر اڑانیں بھر نے لگی۔ یہ اڑانیں عموماً فضائی طیارے کی مدد سے انجام دی جاتی ہیں اور دوران پرواز ہوائی طیارے یا ہیلی کاپٹر سے کود کر فضاء میں اپنے آپ کو اڑنے کے لیے توازن بنا نا پڑتا ہے۔

یہ بالکل کسی گلہری کی چھلانگ سے مشابہت رکھتا ہے، جو کسی درخت یا اونچائی کے مقام سے کود کر فضاء میں تیرتی ہوئی نیچے کی جانب آرہی ہوتی ہے۔ اس طرح کی ونگ سوٹس کےساتھ پروازیں پہاڑوں کے اطراف اور درختوں سے پرے رہ کر کی جاتی ہیں، تاکہ کسی بھی طرح کے خطرات سے محفوظ رہا جاسکے۔ اب تک روبرٹا دنیا کی چند بلند عمارتوں سے بھی چھلانگیں مارچکی ہے۔ اس کے بہت سے خوابوں میں ایک خواب دبئی میں دنیا کے سب سے بلند ترین ہوٹل ’’برج الخلیفہ‘‘ سے کودنا بھی ہے۔ وہ کودنے کے بعد اس کے اطراف دائرہ بناتی ہوئی نیچے کی جانب آنا چاہتی ہے۔ اس کی خواہش یہ بھی ہے کہ فضاء میں محو پرواز طیارے سے باہر نکلے اور پھر قلابازیاں کھاتی ہوئی۔ اسی طیارے میں واپس داخل ہو۔ روبرٹا تمام اعلٰیٰ پائے کی اسکائی ڈائیونگ کی پرفارمنسز میں حصّہ لے چکی ہے۔

خصوصاً اسے ’’فری اسٹائل اسکائی ڈائیونگ‘‘ بہت پسند ہے اور اسے ترجیع دیتی ہے اُسے گروپ کی شکل پرفارمنس دینا اچھا لگتا ہے۔ وہ اسکائی ڈائیونگ کے غیرمعمولی کھیل”Sky Ball Jump”ـ سے بھی لطف اندوز ہوتی ہے، جسے اسکائی ڈائیونگ کے کہنہ مشق اور ماہرترین اسکائی ایتھلیٹس ہی کھیلتے ہیں۔ یہ ٹینس کی گیند کے ساتھ فضاء میں کھیلا جاتا ہے، جس میں ڈائیور گیند کو اپنے ہیڈ (سر) سے اسٹروک لگاتے ہوئے کھیلتا ہے۔ ایک دلیر وبہادر گلیمرس گرل کے طور پررابرٹا دنیائے پریس کے مقبو ل و معروف جریدوں “Men Fitness” ،”Vanity Fair” ،”Maxim”ـ “Men’s Health” ،”Allure” ،”Moonlights”اور “Max” کے صفحات کی زینت بنتی رہی ہے جسمیں اس خوبرو اور دل نشیں ماڈل کو دیکھا جاسکتا ہے۔ سال 2010 ء تک اس نے اپنی 7000 اسکائی ڈائیوز کا وسیع تجربہ حاصل کرلیا تھا۔

کرۂ ارض کی سب سے گرم پرجوش، پُرعزم مہم جو، بھرپور ایتھلیٹکس صلاحیتوں سے مالامال ماڈل اور13سالوں کے اسکائی ڈائیونگ کے تجربات رکھنے والی ماڈل رَوبرٹا لِچیوس کو اسکائی ڈائیونگ وجمپنگ سے شوق رکھنے والے بخوبی واقف ہیں، جس کی کرشماتی شخصیت کو جاننے کے لیے دنیا کے مقبول ترین ٹی وی میگزین “E:60″ کے جریمی شاپ نے اٹلی کا سفر کیا اور اس بہادر وبے باک اطالوی ماڈل سے انٹرویو لیا، جو اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ ’’زندگی فقط جینے کا نام ہے اور اسے مکمل طور پر جینے کے لیے آپ کا ہر دن بھر پور ہونا چاہیے !‘‘ اس ایڈونچرز انٹرویو کو ڈکومینٹری “E:60 Fly Girl:Roberta Manakin” کے طور دکھایا جاچکا ہے۔ اس کے ایڈونچرز میں دنیا کے سب سے ورسٹائل کیمروں “GoPro” کا بڑا عمل دخل رہا ہے، جوکہ وسیع اطراف میں زبردست آئوٹ ڈور فوٹوگرافی اور مووی بناتے ہیں۔ یہ ایتھلیٹ کی ہلمٹ پر فٹ کیے جاتے ہیں اور اس کی تمام حرکات کی عکاسی کرتے ہیں۔

یہ قیمتی کیمر ے ایک واٹر پروف باکس کی صورت میں ہوتے ہیں جنہیں زیرآب بھی شان دار نتائج کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ بیس جمپ سے محبت کرنے والی روبرٹا نے انتہائی بلندی پر سنسنی خیز جمپنگ کی اور ہوائی سوٹ پہن کر دیوانہ وار پرواز کی۔ روبرٹا ونگ سوٹ میں اڑنے والی دنیا کی بہترین ماڈل ہوا باز ہے۔ گوُپرَو کیمرا تمام لمحات کی مووی بناتا رہا۔ اٹلی کے پہاڑوں پر اس کی تازہ وڈیو میں جوش کو بڑھاوا دینے والی شائقین کے ہجوم کو دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ”EpicTv” کی خوب صورت ترین ہائی ڈیفنیشن(HD)وڈیوزمیں دست یاب ہیں۔ فلائنگ سوٹ اور ہیلمٹ پہنے ہوئے یہ خوب رو لڑکی ہیلی کاپٹر سے باہر چھلانگ لگاتی اور اڑان کے لیے پوزیشن لیتی ہے تو یہ بالکل فضاء میں طیارے کی اڑان جیسا ہوتا ہے۔

وہ فلائنگ سوٹ کی پائیلٹ ہوتی ہے۔ اسکائی ڈائیونگ اور جمپنگ کے وسیع تجربے کی حامل ہونے چھلانگیں لگانے اور قلابازیاں کھانے کی ماہر ہونے کے باوجود وہ متعدد بار موت کے منہ میں جاکر واپس لوٹی ہے۔ ایسا اس وقت ہوا جب پانچ مواقع پر اس کے پیراشوٹس ناکارہ ہوگئے اور عین وقت پر دھوکا دے گئے تھے۔ یہ اس وقت ایک بہت بڑا شاک ہوتا ہے جب آپ سیکھنے کے مرحلے میں ہوں اور ایک ماہر کے طور پر بھی بھیانک تجربہ ہوتا ہے۔ اس کے باوجود روبرٹا جیسی ایتھلیٹ کے لیے یہ کوئی بڑی ڈیل نہیں، بس معمولی نوعیت کے جھٹکے تھے، جنہوں نے اس کے جوش اور جنون کو اور بھی بڑھا دیا۔ وہ ESPN چینل کے E:60’s کے علاوہ “Conano O Brian” شو میں بھی پیش ہوچکی ہے، جنہوں نے سارے امریکا میں اس کی خوب صورتی کو روشناس کرادیا ہے۔

عام ناظرین کے لیے شاید اس طرح کی لڑکی پاگل تصور کی جاتی ہو، لیکن اس کے بوائے فرینڈ کے کہنے کے مطابق، ’’جب میں اس کے ساتھ ہوتا ہوں تو وہ بہت خوف ناک اور پراسرار باتیں کرتی ہے، جنہیں میں بہ خوبی سمجھتا ہوں، کورلیس نے مزید کہا کہ وہ بہت سمجھ دار لڑکی ہے۔ کوئی پاگل نہیں !‘‘ حال ہی میں اس نے امریکی ٹی وی کے پروگرام ’’گڈ مارننگ امریکا‘‘ میں بھی شرکت کی تھی، جس میں اس نے اپنی اسکائی ڈائیونگس کے بارے میں کہا کہ میں 8000 ہزار اسکائی ڈائیوز پورے کرچکی ہوں۔ مجھے ونگ سوٹ سے محبت ہے جب میں کسی چٹان سے جمپ لگارہی ہوتی ہوں تو میرے پیروں میں اونچی ہیل ہوتی ہے۔ اپنے لباس کے بارے میں اس نے کہا کہ اسے ڈریسنگ اور میک اپ کرنا اچھا لگتا ہے مگر اکثر اوقات وہ اسے پسند نہیں کرتی اور وہ بنا میک اپ کیے ہی زیادہ خوش رہتی ہے۔

کچھ عرصے پہلے ہی اس نے اسکیوبا ڈائیونگ (Scuba Diving) شروع کی ہے، جس میں خاص طور پر وہ شارک مچھلیوں کے ساتھ بہت مانوس دکھائی دیتی ہے۔ اسے ’’شارک رائیڈنگ‘‘ کہتے ہیں۔ وہ شارک کا بہت قریب سے بغور جائزہ لیتی ہے کہ کہیں وہ زخمی حالت میں تو نہیں ہے؟ کک باکسنگ میں بلیک بیلٹ یافتہ حقیقی جیمزبانڈ گرل ٹراپیز (Trapze) کی بھی ماہر ہے۔ یہ بلندی پر معلق لوہے کے پول سے جڑے فولادی رسّی کے جولہے ہوتے ہیں، جیسا کہ سرکس میں ان پر جھولنے، لٹکنے کے دل فریب کرتب دکھائے جاتے ہیں، جن کا انفرادی یا گروپ کی شکل مظاہرہ کیا جاتا ہے۔

روبرٹا کی طبعیت میں نہ جانے کیسی ہل چل مچی رہتی ہے کہ اس کا جنون کہیں ماند نہیں پڑتا۔ مشکل ترین مشاغل میں مصروفیت کے بعد وہ رقص کی جانب بھی مائل ہوتی ہے۔ وہ سیلسا(Salsa) کی رقاصہ بھی ہے جوکہ ایک ہسپانوی رقص ہے اور اسپین کے علاوہ جنوبی امریکا کے سارے ممالک میں بڑی مقبولیت رکھتا ہے۔ وہ اچھی خوراک کی شوقین ہے، جس کے لیے بہترین کھانے بھی بنانا جانتی ہے۔ فیشن شوز کی کیٹ واک سے لے کر پہاڑوں کی بلندیوں سے چھلانگیں لگانے والی روبرٹا نے جنوری 2014 ء میں روم میں پہلی چھلانگ لگائی ہے، تو بے حد خوش ہے۔ یہ اس کی 13 سالہ پرانی خواہش تھی۔ جب اس نے پہلی بار اسکائی جمپ سے کیریر آغاز کیا تھا۔ وہ کہتی ہے کہ میں اس مسر ت کو بیان نہیں کرسکتی جو مجھے اپنے شہر میں جمپ لگانے کے بعد حاصل ہوئی ہے۔

فری اسٹائل اسکائی ڈائیونگ کے تین عالمی ریکارڈ ز ہولڈر روبرٹامینکینو کی بہ طور اسٹنٹ کی ہنرمندی کو اب تک صرف ایک ہالی وڈ مووی میں استعمال کیا گیا۔ وہ پچھلے سال باکس آفس کی ہٹ فلم ’’آئرن میں ۔3 ‘‘ میں بطور اسٹنٹ وومن کے پیش ہوچکی ہے، جسے فضائی اڑان کی سیکوئنسز میں دکھایا گیا ہے۔ وہ بطور ’’امن کی سفیر‘‘ کے طور پر فلم “Isolated” میں بھی اسی سال دیکھی گئی۔ اس کے علاوہ وہ ایک ٹی وی کے شو میں پرفارم کرچکی ہے اور 2000 ء میں اس کے فوٹو نوڈ کو فلم “A Chiness in Coma” دکھایا جاچکا ہے۔ سخت جاں و ہمت والی روبرٹا ایک دردمند انسان ہے اور فلاحی کاموں میں بھی پیش پیش رہتی ہے۔ اس نے پچھلے سال فلپائن میں تباہی مچانے والے “Typhoon Haiyan” کے لیے 10,000 ہزار ڈالرز دیکر سالویشن آرمی کی مدد کی تھی۔

روبرٹا مینکینو کے ریکارڈز اور ایوارڈز:
2003 ء : روبرٹا نے روسی فری اسٹائل اور خلائی کھیلوں کے فری اسٹائل کے Cup” Malevski “میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
2004 ء : اس سال اس نے امریکی ریاست فلوریڈا کے علاقے اَورلینڈو (فلوریڈا) میں ہونے والے مقابلے “Tunnel Competition” میںبھی پہلا انعام حاصل کیا تھا۔
2005 ء :اس سال روبرٹا نے ’’اٹالین اور یورو‘‘ دونوں کے اسکائی ڈائیونگ کے ریکارڈز بنائے اور پہلی پوزیشن کی حقدار قرا ر پائی ۔اسی سال وہ پیرس ویلی۔ کیلی فورنیا کے مقابلے ـ”Tunnel Competition”کی بھی فاتح رہی۔

2007 ء : اس سال روبرٹا نے دنیا کے دو بڑے ریکارڈز جسمیں یورپی ریکارڈ برائے “Formation Freefly” اور ورلڈ ریکارڈ برائے “Formation 69-Way Freefly” شامل تھے توڑ ڈالے۔ اسی سال اس نے اپنے ملک کا قومی مقابلہItalian Nationals of Skyding بھی جیت لیا۔
2009 ء: اس سال اس نے شکاگو میں “108-way freefly میں ایک ورلڈ ریکارڈ قائم کیا۔
2013 ء:پچھلے سال ستمبر 2013 ء میں سوئٹزرلینڈ کے شہرـStechelberg”ـ” میں ہونے والی”ProBase Worldcup”ـکے مقابلے میں روبرٹو نے مجموعی طور پر خواتین میں دوسری پوزیشن حاصل کی ہے، جب کہ اسی سال اکتوبر میں روبرٹا لیچیوس نے ناروے کی پہاڑوں پر ہونے والے ’’16گرلز بیس جمپ ‘‘ مقابلے میں ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے، جس کے مقابلے پر دنیا کی بہترین 15 بیس جمپر ز اور ونگ سوٹ کی پائیلٹس خاتون تھیں۔
زندہ دل رابرٹا مینکینو کی جواں ہمت زندگی میںیہ پیغام عیاں ہے کہ ہمیں اپنی زندگیوں کو محض گزراوقات کی حد تک ہی بسر نہیں کرنا چاہیے، بل کہ اسے بھرپورطریقے سے جیناچاہیے کیوںکہ زندگی زندہ دلی کا نام ہے، مردہ دل کیا خاک جیا کرتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔