پی ایس ایل7سے قبل اہم آفیشل مستعفی ہوگئے

سلیم خالق  جمعـء 3 دسمبر 2021
 عمران احمد خان ابتدا سے ہی پی ایس ایل کی آرگنائزنگ ٹیم کا اہم حصہ رہے ہیں فوٹو: فائل

عمران احمد خان ابتدا سے ہی پی ایس ایل کی آرگنائزنگ ٹیم کا اہم حصہ رہے ہیں فوٹو: فائل

 کراچی:  پی ایس ایل 7سے قبل اہم آفیشل مستعفی ہوگئے پی سی بی کے جی ایم کمرشل عمران احمد خان ڈرافٹ تک ہی مزید ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

چند روز قبل ہی لیگ کے ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ کا عہدہ عثمان واہلہ کو سونپا گیا ہے، عمران اس پوزیشن کا خود کو حقدار سمجھتے تھے۔ان کے اب ایک فرنچائز اونر کی شارجہ میں لیگ سے منسلک ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق عمران احمد خان ابتدا سے ہی پی ایس ایل کی آرگنائزنگ ٹیم کا اہم حصہ رہے ہیں، کھلاڑیوں سے رابطے، فرنچائزز کی مشکلات کے حل تلاش کرنے سمیت تمام امور وہی دیکھتے رہے۔ حال ہی میں ٹائٹل اسپانسر شپ ڈیل میں بھی ان کا اہم کردار تھا، تمام ٹیم اونرز انھیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

پس منظر میں رہ کر بیشتر اہم کام کرنے کے باوجود انھیں وہ مقام نہیں مل سکا جس کے مستحق تھے، ساتویں ایڈیشن سے قبل  عمران کو پوری امید تھی کہ پی ایس ایل کا ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ بنا دیا جائے گا مگر یہ عہدہ عثمان واہلہ کوسونپ دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق عمران احمد خان اس سے خاصے مایوس ہوئے اور دیگر آپشنز پر غور شروع کر دیا، اب انھوں نے باقاعدہ طور پر استعفیٰ دے دیا اور ساتھیوں کو بھی اپنے فیصلے سے آگاہ کر چکے ہیں، وہ ڈرافٹ تک خدمات انجام دیں گے۔

چھٹیاں مکمل کرنے کے بعد  باضابطہ طور پر بورڈ کو الوداع کہہ دیں گے، ان کا جانا فرنچائزز کیلیے بہت بڑا دھچکا ہوگا۔ اس حوالے سے جب نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ نے عمران احمد خان سے رابطہ کیا تو انھوں نے میسیج پڑھنے کے باوجود جواب دینے سے گریز کیا جبکہ فون کال بھی وصول نہیں کی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ایک پی ایس ایل فرنچائز کے مالک شارجہ میں مقامی افراد کے ساتھ مل کر ٹورنامنٹ  کرانے والے ہیں، عمران ممکنہ طور پر اس لیگ کے معاملات سنبھالیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔