آریان خان2021 کی بھارت میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات میں شامل

ویب ڈیسک  جمعـء 3 دسمبر 2021
منشیات کیس میں گرفتاری کے بعد آریان خان کو لوگ بڑی تعداد میں انہیں آن لائن سرچ کرتے رہے فوٹوفائل

منشیات کیس میں گرفتاری کے بعد آریان خان کو لوگ بڑی تعداد میں انہیں آن لائن سرچ کرتے رہے فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان یاہو سرچ انجن میں 2021 میں بھارت کی سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

سال 2021 ختم ہونے کو ہے اور یہ سال ختم ہونے سے ایک ماہ قبل یاہو کی جانب سے سال 2021 کا جائزہ لیتے ہوئے بھارت میں سال کی سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات کی فہرست جاری کی گئی ہے۔

یہ فہرست بھارت میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی اعلیٰ شخصیات، خبر وں میں رہنے والی شخصیات اور ملک کے اہم واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کی گئی ہے اور حیران کن طور پر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان پہلی بار اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

یاہو کی جانب سے جاری کی جانے والی فہرست کے مطابق بھارت میں 2021 کے دوران لوگوں نے سب سے زیادہ جس شخصیت کو آن لائن تلاش کیا وہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ہیں۔

دوسرے نمبر پر لوگ یاہو پر جسے سب سے زیادہ تلاش کرتے رہے وہ بھارتی کپتان  ویرات کوہلی ہیں جب کہ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینرجی نے فہرست میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

آن لائن سرچ کی فہرست میں بھارتی ٹی وی کے مشہور آنجہانی اداکار سدھارتھ شکلا کو لوگوں نے چوتھے نمبر پر سب سے زیادہ سرچ کیا۔ رواں سال سدھارتھ شکلا دل کا دورہ پڑنے سے اچانک انتقال کرگئے تھے اور ان کی موت کی خبر ان کے مداحوں پر بجلی بن کر گری تھی۔

بھارتی سیاستدان راہول گاندھی نے فہرست میں پانچویں پوزیشن حاصل کی ہے۔

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان نے فہرست میں حیران کن انٹری دی ہے اور فہرست میں ساتویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔ اکتوبر میں این سی بی کے ہاتھوں منشیات کیس میں گرفتاری کے بعد آریان خان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا اور لوگ بڑی تعداد میں انہیں آن لائن سرچ کرتے رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔