2021 میں بھارت میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے فنکار

ویب ڈیسک  جمعـء 3 دسمبر 2021
 سدھارتھ شکلا رواں برس ستمبر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے تھے فوٹوفائل

سدھارتھ شکلا رواں برس ستمبر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے تھے فوٹوفائل

ممبئی: سال 2021 ختم ہونے کو ہے اور یہ سال ختم ہونے سے ایک ماہ قبل یاہو کی جانب سے سال 2021 کا جائزہ لیتے ہوئے بھارت میں سال کے سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے مرد اور خواتین فنکاروں کی فہرست جاری کی گئی ہے۔

2021 میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے اداکار

بھارتی ٹی وی کے نامور اداکار اور بگ باس سیزن 13 کے فاتح سدھارتھ شکلا رواں برس ستمبر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے تھے۔ ان کی اچانک موت نے ان کے مداحوں سمیت پوری بالی ووڈ انڈسٹری کو صدمے میں مبتلا کردیا تھا۔ یاہو کی جانب سے جاری کی جانے والی فہرست کے مطابق بھارت میں رواں سال سدھارتھ شکلا کو مرد اداکاروں کی فہرست میں سب سے زیادہ تلاش کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی اداکار سدھارتھ شُکلا دل کے دورے کے باعث چل بسے

دوسرے نمبر پر بھارتیوں نے جس اداکار کو یاہو پر سرچ کیا وہ سلمان خان ہیں۔ تیسرے نمبر پر تمل اور تیلگو انڈسٹری کے معروف اداکار آلو ارجن کو سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔

کناڈا فلموں کے اداکار پنیت راج کمار المعروف اپو اکتوبر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث چل بسے تھے انہیں لوگوں نے چوتھے نمبر پر سب سے زیادہ سرچ کیا۔ جب کہ برصغیر کے نامور اداکار دلیپ کمار کو لوگوں نے پانچویں نمبر پر سب سے زیادہ سرچ کیا۔ شہنشاہ جذبات کہے جانے والے اپنے عہد کے معروف اداکار دلیپ کمار جولائی 2021 میں اس جہان فانی سے کوچ کر گئے تھے۔

2021 میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی اداکارائیں

یاہو کی جانب سے جاری کی جانے والی فہرست کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور کو لوگوں نے آن لائن سب سے زیادہ تلاش کیا اور وہ 2021 کی سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی اداکارہ ہیں۔ دوسرے نمبر پر اداکارہ کترینہ کیف ہیں۔ تیسرے نمبر پر پریانکا چوپڑا فہرست میں شامل ہیں۔

چوتھے نمبر جس اداکارہ کو لوگوں نے آن لائن سب سے زیادہ سرچ کیا وہ اداکارہ عالیہ بھٹ ہیں جب کہ اس فہرست میں دپیکا پاڈوکون پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔