دہلی میں بدترین آلودگی کی وجہ پاکستانی فیکٹریاں ہیں، بھارت کی مضحکہ خیز منطق

ویب ڈیسک  جمعـء 3 دسمبر 2021
نئی دہلی کو آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ہے، فوٹو: فائل

نئی دہلی کو آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ہے، فوٹو: فائل

نئی دہلی: اترپردیش کی حکومت نے اپنے مضحکہ خیز دعوے میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بدترین آلودگی کا ذمہ دار پاکستان کی فیکٹریوں کو قرار دیدیا۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں بدترین آلودگی سے متعلق ہونے والی سماعت کے دوران اترپردیش حکومت کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل سپریم کورٹ کے سوالات کے جوابات نہ دے سکے اور ملبہ پاکستان پر ڈالنا چاہا لیکن الٹا انھیں ہزیمت کا سامنا کرنا پڑگیا۔

اترپردیش کی جانب سے آلودگی سے متعلق پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آلودگی کی وجہ پاکستانی فیکٹریاں ہیں۔ جن سے نکلنے والی زہریلی گیس اور مضر دھواں ہوا کے ذریعے بھارت میں داخل ہو رہا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : نئی دہلی مسلسل تیسرے سال بھی دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار

جس پر حیران ہوتے ہوئے بھارتی سپریم کورٹ نے طنزاً کہا کہ پھر ہم ایسا کرتے ہیں کہ پاکستان کی صنعتوں پر پابندی لگا دیتے ہیں؟ چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا نے اس رپورٹ پر برہمی کا اظہار بھی کیا۔

واضح رہے کہ نئی دہلی آلودگی کے لحاظ سے دنیا کا بدترین شہر ہے جس کے باعث اسکولوں کو بند اور کاروباری سرگرمیاں معطل کرنی پڑی ہیں۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔