پنجاب یونیورسٹی نے سندھ کے طلبہ کے حالیہ داخلے منسوخ کردیے

صفدر رضوی  جمعـء 3 دسمبر 2021
جامعہ پنجاب میں داخلوں کی حتمی تاریخ 8 نومبر تھی . فوٹو : فائل

جامعہ پنجاب میں داخلوں کی حتمی تاریخ 8 نومبر تھی . فوٹو : فائل

 کراچی: انٹربورڈ کراچی سمیت سندھ کے بعض تعلیمی بورڈ کی جانب سے انٹرمیڈیٹ کے نتائج میں غیرمعمولی تاخیر کاخمیازہ سندھ کے قابل اورذہین طلبہ کوبھگتنا پڑا ہے، نتائج میں تاخیرکے سبب سندھ کے طلبہ پراس سال جامعہ پنجاب کے دروازے بند کردیے گئے ہیں۔

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی (بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن) سمیت سندھ کے دیگرتعلیمی بورڈزکے انٹرکے نتائج تاخیرسے جاری کیے جانے پر جامعہ پنجاب نے صوبے سندھ کے تمام طلبہ کے حالیہ دیے گئے داخلے منسوخ کردیے ہیں جس کے سبب ان طلبہ کاتعلیمی مستقبل داﺅپرلگ گیاہے اوراس سال سندھ کے طلبہ پنجاب کی سب سے بڑی سرکاری یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم حاصل نہیں کرسکیں گے۔

جامعہ پنجاب کے رجسٹرارنے ایک خط کے ذریعے یونیورسٹی کے تمام ڈینز،کالجوں کے پرنسپلز،ڈائریکٹرزاورچیئرمینزشعبہ جات کواس فیصلے سے آگاہ کردیاہے جس میں کہاگیاہے کہ جامعہ پنجاب میں داخلوں کی حتمی تاریخ 8نومبرتھی تاہم اس تاریخ تک سندھ سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے انٹرکے نتائج جاری نہیں ہوسکے ہیں اب ان کے داخلے منسوخ کردیے گئے ہیں۔

خط میں یہ بھی کہاگیاہے کہ سندھ سے انٹرکرکے داخلہ لینے والے طلبہ کے نتائج جامعہ پنجاب میں داخلوں کے لیے دی گئی حتمی تاریخ 8نومبرتک جاری نہیں ہوسکے تھے جبکہ بعض شعبوں میں ایسے طلبہ کوبی ایس پروگرام fall 2021میں بغیرنتائج کے اجراءکے داخلے دیے گئے لہذاان طلبہ کے داخلے منسوخ کردیے جائیں۔

دوسری جانب سندھ کے تعلیمی بورڈزکے چیئرمینزکی کمیٹی” سندھ بورڈ کمیٹی آف چیئرمین “(ایس بی سی سی )کے چیئرمین اورانٹربورڈ کراچی کے سربراہ پروفیسرسعیدالدین نے اس معاملے پر جامعہ پنجاب کے رجسٹرارکوجاری کیے گئے ایک خط میں ان سے کہا ہے کہ کوویڈ کی صورتحال کے سبب امتحانات کے انعقاد میں تاخیرسے نتائج میں بھی تاخیرہوئی جب کہ کوویڈ کے سبب 50فیصد حاضری کی شرط کو امتحانی کاپیوں کی اسسمنٹ کے دوران بھی لاگوکیا گیا جس سے نتائج کی تیاری اوراجراءمیں مزید تاخیر ہوئی لہذا سندھ کے طلبہ کوfall 2021کے داخلوں سے محض نتائج کے اجراءکی تاخیرکے سبب محروم نہ کیاجائے۔

یادرہے کہ ملک بھرمیں انٹراورمیٹرک کے امتحانات سے قبل منعقدہ ”بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس “(آئی پی ایم سی)میں بھی یہ معاملہ زیرغورآیاتھاکہ چونکہ ملک بھرمیں انٹرکے امتحانات میٹرک کے بعد دوسرے مرحلے میں اورروایت سے ہٹ کرکچھ تاخیرسے لیے جارہے ہیں لہذا ملک بھرکی جامعات سے بھی کہاجارہاہے کہ وہ اپنی داخلہ پالیسی بناتے وقت اس بات کی گنجائش رکھیں کہ نتائج کی تاخیر سے طلبہ جامعات میں داخلوں سے محروم نہ رہیں تاہم جامعہ پنجاب کی جانب سے اس سلسلے میں ”آئی پی ایم سی“فورم پر زیرغورآنے والے اس معاملے کوپس پشت ڈال کرسندھ کے طلبہ کے داخلے منسوخ کردیے گئے ہیں۔

ادھریہ امربھی قابل توجہ ہے کہ سندھ اوربالخصوص کراچی میں انٹرکے سالانہ امتحانات 2021کے نتائج کااجراءغیرمعمولی تاخیرکاشکارہواانٹربورڈکراچی نے انٹرسال دوئم کے سالانہ امتحانات2021 جولائی میں لیے تھے جبکہ امپروومنٹ آف ڈویژن اورفیلیئرطلبہ سمیت دیگرامتحانات پہلی باردوسرے مرحلے میں اگست میں لیے گئے انٹربورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ کاپہلانتیجہ 9نومبرکوپری انجینیئرنگ گروپ کاجاری کیااوراس کے بعد پری میڈیکل کانتیجہ 20نومبرکوجاری کیاانٹرکامرس اورآرٹس(ریگولر) کے امتحانی نتائج تاحال جاری نہیں ہوپائے ہیں۔

مزیدبراں حیدرآباد تعلیمی بورڈ،میرپورخاص اورنواب شاہ بورڈ کی جانب سے بھی ابھی انٹرمیڈیٹ کی تمام فیکلٹیز کے نتائج کااجراءباقی ہے بتایاجارہاہے کہ صرف سکھراورلاڑکانہ بورڈ کی جانب سے یہ نتائج جاری ہوچکے ہیں۔

ادھرجامعہ پنجاب نے سندھ سے داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کواس بات کاپابند کیاتھاکہ وہ داخلے کی حتمی تاریخ 8نومبرتک اپنے نتائج یونیورسٹی میں جمع کرائیں تاہم نتائج کے اجراءمیں تاخیرکے سبب ایسانہیں ہوسکااورسندھ کے طلبہ جامعہ پنجاب میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے سے محروم کردیے گئے ہیں۔

علاوہ ازیں ”ایکسپریس “نے اس معاملے پر پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرنیاز احمد اوررجسٹرار خالد خان سے رابطے کی مسلسل کوشش کی تاہم دونوں کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہواان کاموقف جاننے کے لیے وائس چانسلر اور رجسٹرار کو ایس ایم ایس بھی کیا گیا تاہم دونوں ہی رابطے سے گریز کرتے رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔