پاکستان سے سیریز؛ بنگلادیشی ٹیم سلیکشن پرسوال اٹھنے لگے

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 4 دسمبر 2021
21ماہ قبل آخری فرسٹ کلاس میچ کھیلنے والے نائم کے انتخاب پر حیرت ظاہر۔ فوٹو: اے ایف پی

21ماہ قبل آخری فرسٹ کلاس میچ کھیلنے والے نائم کے انتخاب پر حیرت ظاہر۔ فوٹو: اے ایف پی

 کراچی:  پاکستان سے ٹیسٹ سیریز کیلیے بنگلادیشی ٹیم سلیکشن پر ہی سوال اٹھنے لگے۔

پاکستان سے پہلے ٹیسٹ میں 8 وکٹ سے شکست کے بعد بنگلادیشی سلیکٹرز بھی کافی تنقید کی زد میں ہیں، خاص طور پر انھیں محمد نائم کی سلیکشن اور اسکواڈ میں 20 کھلاڑیوں کو شامل کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

نائم نے اپنا آخری فرسٹ کلاس میچ 21 ماہ قبل کھیلا تھا،10 فروری 2020 تک انھوں نے اس طرز کے صرف 6 میچز میں ہی حصہ لیااور11 اننگز کے دوران صرف 183 رنز 16.6 کی معمولی اوسط سے بنائے۔ سرخ بال سے کم تجربے کے باوجود ان کے انتخاب پر حیرت ظاہر کی گئی ہے۔

اس پر چیف سلیکٹر منہاج العابدین نے کہاکہ یقیناً نائم نے زیادہ طویل طرز کی کرکٹ نہیں کھیلی مگر ہم نے انھیں انٹرنیشنل تجربے کی وجہ سے منتخب کیا ہے، ہم ڈومیسٹک سرکٹ سے بالکل کسی نئے پلیئر کے بجائے ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے فرق کو سمجھنے والے کو منتخب کرنا چاہتے تھے۔

یاد رہے کہ نائم نے نومبر 2019 میں ٹی 20 ڈیبیو کیا جبکہ کیریئر کا پہلا ون ڈے مارچ 2020 میں کھیلا، انھوں نے اب تک 2 ایک روزہ اور 13 ٹی 20 میچز میں حصہ لیا ہے۔

20 رکنی اسکواڈ کے حوالے سے سوال پر منہاج نے کہاکہ ہم نے ان کھلاڑیوں کو صرف پاکستان سے 2 ٹیسٹ میچز کیلیے منتخب نہیں کیا، ان میں نیوزی لینڈ کے ٹور پر جانے والے پلیئرز بھی شامل ہیں،اسی لیے یہ بڑا دکھائی دے رہا ہے۔

واضح رہے کہ اس اسکواڈ کے17 پلیئرز کیویز کے دیس جائیں گے۔ دوسری جانب نوجوان بیٹر سیف حسن ٹائیفائیڈ کا شکار ہوکر پاکستان کیخلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے، بی سی بی نے اعلامیے میں کہا کہ سیف کا میڈیکل ٹیم کی زیرنگرانی علاج چل رہا ہے،اب ان کی حالت کافی بہتر ہو چکیی ہے۔

یاد رہے کہ سیف نے پاکستان کیخلاف پہلے میچ میں 14 اور 18 رنز بنائے تھے، میچ میں میزبان ٹیم کو 8 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔