مفتی منیب الرحمان کی سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے قتل کی شدید مذمت

ویب ڈیسک  ہفتہ 4 دسمبر 2021
قانون کو ہاتھ میں لینے کا کوئی جواز نہیں، مفتی منیب الرحمان

قانون کو ہاتھ میں لینے کا کوئی جواز نہیں، مفتی منیب الرحمان

 کراچی: معروف عالم دین مفتی منیب الرحمان نے سیالکوٹ واقعہ کو انتہائی ناخوشگوار قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔

مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں ایک آئینی وقانونی نظام موجودہے، اگرچہ اس کی شفافیت اور غیر جانبداری پر سوالات اٹھتے رہتے ہیں، لیکن اسکے ہوتے ہوئے قانون کو ہاتھ میں لینے کا کوئی جواز نہیں، کیونکہ اس سے معاشرے میں انارکی اور لاقانونیت پھیلتی ہے جو ملکی مفاد میں نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ واقعہ ملک وملت کےمفادمیں نہیں اور اس سےعالمی سطح پرپاکستان کاتاثرمنفی گیا، جبکہ پاکستان پر پہلے ہی ایف اے ٹی ایف کی تلوار لٹک رہی ہے۔

مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس سانحے کے حقائق اور واقعات کا علم نہیں ہے، تاہم سانحہ سیالکوٹ پر تاسف کا اظہار اور شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا پر بھی ذمہ داری ہے تحقیقی کے بغیر کسی گروہ یا فرد کو ذمہ دار قرار نہ دیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔