ضیا الحق کے دور میں پاکستان فلم انڈسٹری زوال کا شکار ہوئی، اداکار شاہد

ویب ڈیسک  ہفتہ 4 دسمبر 2021
ہم پورا ٹیکس ادا کر رہے ہیں مگر فلمیں نہیں ہیں، فلم سازی کا عمل رک گیا، اداکار - فوٹو:ایکسپریس نیوز

ہم پورا ٹیکس ادا کر رہے ہیں مگر فلمیں نہیں ہیں، فلم سازی کا عمل رک گیا، اداکار - فوٹو:ایکسپریس نیوز

 کراچی: معروف فلم اسٹار شاہد کا کہنا ہے کہ ضیا الحق کے دور میں پاکستان فلم انڈسٹری زوال کا شکار ہوئی، آج فلم انڈسٹری تو زبوں حالی سے دوچار ہے مگر امید ہے دوبارہ سے عروج ملے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی پریس کلب کلچرل کمیٹی کی جانب سے فلم اسٹار شاہد کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی جس میں اداکار مصطفیٰ قریشی سمیت فنون لطیفہ کی دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اداکار شاہد نے کہا کہ ضیا الحق کے دور میں پاکستان فلم انڈسٹری زوال کا شکار ہوئی، ذوالفقارعلی بھٹو فنکاروں کے قدردان تھے، جس وقت میں نے فلموں میں کام شروع کیا تواس وقت محمد علی، وحید مراد اور ندیم چھائے ہوئے تھے۔

اداکار شاہد نے کہا کہ میری خوش نصیبی ہے کہ مجھے فلم ڈائریکٹر حسن طارق جیسے فلم میکر کا ساتھ ملا اور اس کے بعد تینوں لیجنڈز کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، کراچی کے صحافیوں نے ہمیشہ اپنی خبروں میں زندہ رکھا، آج فلم انڈسٹری تو زبوں حالی سے دوچارہے مگر امید ہے کہ دوبارہ سے عروج ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم فنکار آج بھی پورا ٹیکس ادا کر رہے ہیں مگر ہم لوگوں کے پاس فلمیں نہیں ہیں کیونکہ فلم سازی کا عمل رک گیا ہے۔

تقریب سے خطاب میں مصطفیٰ قریشی نے کہا کہ شاہد ایک مکمل ہیرو تھے، سنتوش کمار کے بعد مکمل مردانہ وجاہت کا پیکر تھے، انہوں نے نہ صرف رومانوی کردار ادا کیے بلکہ ایکشن ہیرو کے کرداروں میں بھی کامیاب رہے۔

تقریب میں عدنان جیلانی، اسلم شیخ، فیصل ندیم، سلیم آفریدی، عبدالوسیع قریشی، اطہر جاوید صوفی، مرزا افتخار بیگ، راجہ کامران، ضیا ظریف اور نواب کیفی بھی شریک ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔