سیالکوٹ سانحہ پر سری لنکا کی عوام کے سامنے شرمندہ ہیں، طاہر اشرفی

ویب ڈیسک  ہفتہ 4 دسمبر 2021
توہین مذہب کا جھوٹا الزام لگانے والا خود بہت بڑا گنہگار ہوتا ہے، نمائندہ خصوصی وزیراعظم۔ فوٹو: فائل

توہین مذہب کا جھوٹا الزام لگانے والا خود بہت بڑا گنہگار ہوتا ہے، نمائندہ خصوصی وزیراعظم۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی علامہ طاہر اشرفی نے بیان دیا جس میں انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں پیش آئے سانحے کے مجرمین کیفر کردار تک ضرور پہنچیں گے۔

علامہ طاہر اشرفی نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیر اعظم  خود واقعے س متعلق تمام امور کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ اب تک 112 سے زائد افراد گرفتار ہو چکے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سری لنکا کے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ سمیت مسلم قائدین سے  رابطہ میں ہیں۔ اگر توہین مذہب یا توہین رسالت ؐ کی شکایت ہو تو پولیس سے رجوع کرنا چاہیے۔ سیالکوٹ معاملہ میں توہین رسالت ؐ اور توہین مذہب کا نام استعمال کرکے قانون اپنے ہاتھ میں لیا گیا۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا طاہر اشرفی نے کہا کہ توہین رسالت ؐ یا توہین مذہب کا الزام بہت ہی حساس ہوتا ہے جس پر مکمل تحقیق کی جاتی ہے ۔ متحدہ علماء بورڈ پنجاب اس طرح کے کیسوں کو مسلسل دیکھتا ہے اور اس پر تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ کی مشاورت سے فیصلہ کیا جاتا ہے۔

علاوہ ازیں انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کسی پر جھوٹا توہین رسالت ؐ یا توہین مذہب کا الزام لگایا جاتا ہے تو الزام لگانے والا خود بہت بڑا گنہگار ہوتا ہے۔ سری لنکا کی عوام کے سامنے شرمندہ ہیں اور معافی مانگتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔