چیئرمین نیب کی تعیناتی کے عمل کو تیز کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 4 دسمبر 2021
وزارتِ قانون پیر تک سمری تیار کر کے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوائے گی، ذرائع  . فوٹو : فائل

وزارتِ قانون پیر تک سمری تیار کر کے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوائے گی، ذرائع . فوٹو : فائل

 اسلام آباد: وفاقی حکومت نے چیئرمین نیب کی تعیناتی کے عمل کو تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین نیب کی تعیناتی میں حائل رکاوٹوں کو دور کیلئے وزیرقانون فروغ نسیم کو احکامات جاری کردیئے ہیں جس کے بعد فروغ نسیم نے سمری تیار کرنے کا کام شروع کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارتِ قانون پیر تک سمری تیار کر کے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوائے گی جس کے بعد نئے قانون کے تحت چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) کی تعیناتی کے لیے صدر مملکت کو وزیراعظم عمران خان اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے سپریم کورٹ کے آرڈر 2011 ء کے تحت تحریری مشاورت کرنی ہوگی۔

فروغ نسیم کے ذرائع کے مطابق نیب رولز آف بزنس کے تحت وزارت قانون کے ماتحت ہے اور وزارت قانون اس حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔

یاد رہے موجودہ چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال اپنے عہدے پر اکتوبر 2017 سے موجود ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔