ملکی ایئرپورٹس پر نصب آئی ایل ایس سسٹم میں خرابی

اسٹاف رپورٹر  اتوار 5 دسمبر 2021
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے آئی ایل ایس سسٹم کے متعلق ایئر لائنوں کو نوٹم جاری کر دیا۔ فوٹو: فائل

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے آئی ایل ایس سسٹم کے متعلق ایئر لائنوں کو نوٹم جاری کر دیا۔ فوٹو: فائل

کراچی: ملکی ہوائی اڈوں پر طیاروں کی لینڈنگ اوررہنمائی کیلیے نصب سسٹم میں مبینہ خرابی، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے آئی ایل ایس سسٹم کے متعلق ائر لائنوں کو نوٹم جاری کر دیا۔

ذرائع کے مطابق ائر پورٹس پر طیاروں کی لینڈنگ اور رہنمائی کیلیے نصب سسٹم اور نیویگیشن آلات کی مقرر وقت پر مینٹینس نہ ہونے کے باعث آلات میں مبینہ خرابی پیداہوئی ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے آئی ایل سسٹم کے حوالے سے ایک ماہ کے لیے ائر لائنز کو نوٹم جاری کردیا۔

سی اے اے ڈائریکٹوریٹ آف ایئر اسپیس اینڈ ائرو ڈروم ریگولیشنزکی جانب سے جہازوں کو لینڈنگ کی رہنمائی فراہم کرنے والے آئی ایل ایس کی لازمی چیکنگ کے لیے مراسلہ بھی جاری کردیا، شہری ہوا بازی کی بین الاقوامی تنظیم اکاو قوانین کے مطابق متعلقہ آلات کی مقررہ وقت پر مینٹینس ضروری ہے۔

ذرائع کے مطابق نیوی گیشنل آلات کی مقررہ وقت پر مینٹینس نہ ہونے کی ایک وجہ سی اے اے کے دو کلیبریشن طیاروں کی خرابی بھی ہے، سی اے اے مینٹینس کے لیے درکار متبادل انتظامات بھی بروقت کرنے میں ناکام رہی، طیاروں کی،لینڈنگ کے لیے انسٹرومینٹل سسٹم اور آلاٹ کے کارآمد نہ ہونا طیاروں کے لیے سیفٹی رسک ہے، بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن آڈٹ ٹیم کی پاکستان میں موجودگی کے تناظر میں آلات کی مبینہ خرابی تشویشناک ہے۔

ترجمان سول ایوی ایشن سیف اللہ خان کے مطابق آئی ایل ایس سسٹم معمول کی دیکھ بھال کے مراحل سے گزر رہا ہے، آئی ایل ایس سسٹم کی مینٹینس میں چند دن لگیں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔