اکشے کمار کی فلم نے رنویر اور شاہ رخ کی فلموں کے ریکارڈ توڑ دئیے

ویب ڈیسک  اتوار 5 دسمبر 2021
فلم ’’سوریا ونشی‘‘ نے ریلیز کے چوتھے ہفتے میں 6 کروڑ 43 لاکھ کا بزنس کیا ہے  فوٹوفائل

فلم ’’سوریا ونشی‘‘ نے ریلیز کے چوتھے ہفتے میں 6 کروڑ 43 لاکھ کا بزنس کیا ہے فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ کے کھلاڑی اکشے کمار کی  فلم ’’سوریا ونشی‘‘ نے باکس آفس پر رنویر سنگھ اور شاہ رخ خان کی فلموں کے ریکارڈ توڑدئیے۔

حال ہی میں اکشے کمار کی ریلیز ہونے والی فلم ’’سوریا ونشی‘‘ کی نمائش سینما میں کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور اس فلم نے باکس آفس پرکورونا لاک ڈاؤن سے پہلے ریلیز ہونے والی کئی فلموں کے ریکارڈز توڑ دئیے ہیں جن میں شاہ رخ خان کی ’’چنئی ایکسپریس‘‘اور رنویر سنگھ کی ’’سمبا‘‘ شامل ہیں۔

ہدایت کار روہت شیٹھی کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم ’’سوریا ونشی‘‘ 21 ویں نمبر پر آنے میں کامیاب ہوگئی ہے اور ریلیز کے چوتھے ہفتے میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں شامل ہوگئی ہے۔

ایکشن تھرلر فلم ’’سوریا ونشی‘‘ نے ریلیز کے چوتھے ہفتے میں 6 کروڑ 43 لاکھ کا بزنس کیا ہے جس کے بعد اس نے رنویر سنگھ کی فلم ’’سمبا‘‘ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جس نے ریلیز کے چوتھے ہفتے میں 6 کروڑ 18 لاکھ کی کمائی کی تھی۔

صرف رنویر سنگھ کی فلم ہی نہیں بلکہ اکشے کمار کی فلم بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی’’چنئی ایکسپریس‘‘ کو بھی پیچھے چھوڑنے میں کامیاب ہوگئی ہے جس نے ریلیز کے چوتھے ہفتے میں 6 کروڑ ایک لاکھ روپے کی کمائی کی تھی۔

اگرچہ کووڈ پابندیوں کی وجہ سے فلم ’’سوریا ونشی‘‘ کو متعدد بار تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم جیسے ہی لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد سینما گھر کھلے تو شائقین کی بڑی تعداد نے سینما ہالوں کا رخ کیا جس کی وجہ سے اکشے کمار کی فلم کو فائدہ ہوا اور فلم باکس آفس پر اچھی کمائی کرنے میں کامیاب رہی۔

توقع کی جارہی ہے کہ فلم ’’سوریا ونشی‘‘ بہت جلد باکس آفس پر 200 کروڑ کی کمائی کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔

ایک بھارتی ویب سائٹ کے مطابق فلم ’’سوریا ونشی‘‘ اب تک 191 کروڑ 30 لاکھ کا بزنس کرچکی ہے۔ فلم میں اکشے کمار کے علاوہ کترینہ کیف نے مرکزی کردار ادا کیا ہے جب کہ رنویر سنگھ اور اجے دیوگن نے فلم میں کیمیو کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔