اس گاؤں میں ہر شخص کو نام کی بجائے مخصوص گانے سے پہچانا جاتا ہے

ویب ڈیسک  پير 6 دسمبر 2021
بھارتی دیہات کونگ تھونگ میں ہر شخص کا نام ایک گانےپر رکھا گیا ہے جو 10 سے 20سیکنڈ طویل ہوسکتا ہے۔ فوٹو: فائل

بھارتی دیہات کونگ تھونگ میں ہر شخص کا نام ایک گانےپر رکھا گیا ہے جو 10 سے 20سیکنڈ طویل ہوسکتا ہے۔ فوٹو: فائل

نئی دھلی: بھارتی ریاست مگھلاوا میں واقع کونگ تھونگ ایک عرصے سے عالمی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ یہاں ہر بچے کا ایک اصل نام رکھا جاتا ہے اور ماں اسے ایک گیت یا گانے کے نام سے پکارتی ہے اور وہ بھی اس کا نام پڑ جاتا ہے۔

تاہم یہ گیت بھی الفاظ کی بجائے سیٹیوں کی صورت میں ہوتا ہے جو صدیوں پرانی روایت کا ایک حصہ ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جب گاؤں میں لوگ ایک دوسرے کو پکارتے ہیں تو وادی میں سیٹیوں جیسی آواز گونجتی ہے جو کانوں کو بھلی لگتی ہے۔

اپنی مہمان نوازی، خوبصورتی، اور قدرتی مناظر کی وجہ سے اقوامِ متحدہ نے بھی اس گاؤں کو بہترین سیاحتی مقام قرار دیا ہے۔ کونگ تھونگ کی کل آبادی 650 سے زائد ہے۔ یہاں لوگوں کا ایک باضابطہ اور آفیشل نام ہے تو دوسری جانب گنگناہٹ پر مبنی ایک اور نام بھی موجود ہے۔

جب کوئی بچہ اس دنیا میں آنکھ کھولتا ہے تو والدہ سے کہا جاتا ہے کہ جو بھی گانا اس کے دل میں آرہا ہے وہ گنگنائے۔ اس طرح وہ نغمہ بچے کا نام بھی ہوجاتا ہے۔ گانے کے بول ایک جانب سیٹی کی آواز میں ہوتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اس گاؤں کو سیٹیوں کا دیہات بھی کہا جاتا ہے۔ لیکن یہ حیرت انگیز عمل ہے کہ والدہ بچے کا گیت خود ہی وضع کرتی ہے۔

کہا جاتا ہے کہ یہاں رہنے والے تین قبائلی سینکڑوں سال قبل جنگلات میں شکار کا ہانکا لگانے یا پھر آسیب بھگانے کے لیے سیٹیاں بجاتے تھے جو تبدیل ہوکر انسانوں کے نام رکھنے کی وجہ بھی بنا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سیٹی نما ناموں کی وجہ سے لوگ ایک دوسرے کو بہت دور سے بھی پکارسکتے ہیں۔ گیت والا ایک نام دس سے بیس سیکنڈ تک طویل ہوسکتا ہے۔ تاہم اب نوجوانوں کی بڑی تعداد روزگار کے لئے دوسرے مقامات تک جارہے ہیں اور یوں گاؤں کی آبادی کم ہوچکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔