کیرون پولارڈ بھی دورہ پاکستان سے باہر ہوگئے

اسپورٹس ڈیسک  پير 6 دسمبر 2021
شائی ہوپ ون ڈے مقابلوں میں باگ ڈور سنبھالیں گے، اسکواڈ میں پاول شامل
: فوٹو : فائل

شائی ہوپ ون ڈے مقابلوں میں باگ ڈور سنبھالیں گے، اسکواڈ میں پاول شامل : فوٹو : فائل

 کراچی:  ویسٹ انڈین کپتان کیرون پولارڈ بھی دورہ پاکستان سے باہر ہوگئے جب کہ ہیمسٹرنگ انجری ان کے جہاز پر سوار ہونے کی راہ میں رکاوٹ بن گئی۔

ویسٹ انڈیز  کے سفید  بال کے کپتان کیرون پولارڈ انجری کے سبب دورہ پاکستان سے باہر ہوگئے ہیں، وہ ابھی تک ہیمسٹرنگ تکلیف سے نجات حاصل نہیں کرپائے ہیں، وہ گذشتہ ماہ متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کے دوران اس انجری کا شکار  ہوئے تھے۔

ان کی غیر موجودگی میں پاکستان سے ٹی 20 میچز کی سیریز میں ٹیم کی قیادت نکولس پوران سنبھالیں گے جبکہ ون ڈے سیریز میں ٹیم کی باگ  ڈور شائی ہوپ کے ہاتھوں میں ہوگی، ایک روزہ اسکواڈ میں ان کی جگہ تجربہ کار امیدوار ڈیوون تھامس کو شامل کیا گیا ہے جبکہ ٹی 20 دستے میں پولارڈ کی جگہ رومان پاول کو مل گئی ہے۔

پولارڈ اب ٹرینیڈاڈ میں ری ہیبلی ٹیشن کی مدت گزاریں گے، جس کے بعد ان کی آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کیلیے فٹنس چیک کی جائے گی اور اس کے بعد ان کی سلیکشن کیلیے دستیابی کا فیصلہ کیا  جائے گا۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم 3 ٹی 20 اور اتنے ہی ون ڈے میچز کیلیے پاکستان کا سفر کرے گی۔ یہ میچز 13 سے 22 دسمبر تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

ویسٹ انڈیز کا ون ڈے اسکواڈ کپتان شائی ہوپ، نکولس پوران، ڈیرن براوو، شمارا بروکس، روسٹن چیس، جسٹن گریویس، عقیل حسین، الزاری جوزف، گوڈاکیش موٹائی، اینڈرسن فلپ، ریمون رائیفر، روماریو شیفرڈ، اوڈین اسمتھ، ڈیوون تھامس اور ہیڈن والش جونیئر موجود ہیں۔

ون ڈے اسکواڈ کپتان نکولس پوران، شائی ہوپ، ڈیرن براوو، روسٹن چیس، شیلڈن کوٹریل، ڈومنک ڈارکیس، عقیل حسین، برینڈن کنگ، کائیکل میئرز، گوڈاکیش موٹائی، روممان پاوول، روماریو شیفرڈ، اوڈین اسمتھ، اوشین تھامس اور ہیڈن والش جونیئر پر مشتمل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔