کمپنی کے سربراہ نے زوم میٹنگ پر 900 ملازمین کو نوکری سے نکال دیا

ویب ڈیسک  منگل 7 دسمبر 2021
بیٹر ڈاٹ کام کے سی ای او نے زوم میٹنگ میں 900 ملازمین کو نوکری سے نکال دیا ہے۔ فوٹو: فائل

بیٹر ڈاٹ کام کے سی ای او نے زوم میٹنگ میں 900 ملازمین کو نوکری سے نکال دیا ہے۔ فوٹو: فائل

 واشنگٹن: ایک بڑی کمپنی کے سی ای او نے زوم میٹنگ بلائی اور اسی میٹنگ کے دوران ایک دو نہیں بلکہ سینکڑوں ملازمین کو نوکری سے نکال دیا۔ اس میٹنگ میں 900 افراد شامل تھے اور جو بھی میٹنگ میں تھا اسے نکال دیا گیا۔

’اگرآپ اس میٹنگ میں شامل ہیں اور مجھے سن رہے ہیں تو آپ کا تعلق اس بدقسمت گروہ سے ہے جنہیں نوکری سے برخواست کردیا گیا ہے،‘ بیٹر ڈاٹ کام نامی کمپنی کے سی ای او وشال گرج نے بتایا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ملازمت کا خاتمہ فوری طور پر لاگو ہورہا ہے۔

کمپنی کے سی ایف او کیون ریان نے کہا کہ سال کے اس اہم موقع پر نوکری سے نکالنا تکلیف دہ فیصلہ تھا۔ کیوِن نے بتایا کہ رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں بہت تبدیلیاں ہوئی ہیں ۔ تاہم وشال نے بتایا کہ لوگوں کو فارغ کرنے کی پشت پر کارکردگی، معیار اور پیداوار کے مسائل بھی تھے۔

انہوں نے کہا کہ بعض ملازمین روزانہ مشکل سے دو گھنٹے کام کرتے تھے اور وہ صارفین یا خود اپنے ساتھیوں سے چوری میں بھی ملوث تھے۔ تاہم انہوں نے چوری کے لفظ کی وضاحت نہیں کی۔

تاہم فوربس اور دیگر تجزیاتی اداروں نے کہا ہے کہ وشال پہلے بھی اپنے ملازمین کو سخت ای میل کرتے رہے ہیں جن میں اس نے انہیں سست ڈولفن قرار دیا تھا۔

ایک اور ویب سائٹ کے مطابق وشال اقربا پروری بھی کرتے رہے ہیں۔ تاہم زوم میٹنگ میں 900 افراد موجود تھے جو اب بیٹر ڈاٹ کام کا حصہ نہیں رہے۔ اس طرح کمپنی کے 15 فیصد ملازمین کو کرسمس سے پہلے ہی سبکدوش کردیا گیا ہے۔

بیٹر ڈاٹ کام ویب سائٹ مورگیج اور مکانات بنانے کے مالیاتی امور میں مددگار کمپنی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔