ابوظہبی سے دبئی کا سفر تیز رفتار ٹرین سے صرف 50 منٹ میں

ویب ڈیسک  پير 6 دسمبر 2021
یہ ٹرین مستبل میں سعودی عرب کی سرحدتک بھی جائے گی، فوٹو: فائل

یہ ٹرین مستبل میں سعودی عرب کی سرحدتک بھی جائے گی، فوٹو: فائل

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں جدید اور تیز رفتار ریل کے ذریعے سالانہ تین کروڑ سے زائد مسافر ابوظہبی سے دبئی کا سفر محض 50 منٹ میں طے کرسکیں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے اتحاد ریل کی توسیعی منصوبے کے تحت ابوظہبی سے دبئی کا سفر صرف 50 منٹ کا ہوگیا جب کہ فجیرہ تک کا سفر صرف 100 منٹوں میں مکمل ہوجائے گا۔ ان ٹرینوں میں سفر کرنے والوں کی تعداد 36.5 ملین سالانہ تک پہنچنے کی توقع ہے۔

یو اے ای کے ریلوے پروگرام کے 50 پراجیکٹس زیر تعمیر ہیں جن کا مقصد 2030 تک پوری ریاست میں پٹڑیوں کا جال بچھانا ہے جسے نہ صرف مسافروں بلکہ مال برداری کے بھی کام میں لایا جائے گا۔

متحدہ عرب امارات ریلوے کا یہ منصوبہ ترقیاتی اور اقتصادی منصوبوں کا ایک سلسلہ ہے جس کا مقصد سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک سے تجارتی مسابقت اور اقتصادی برتری برقرار رکھنے کی کوشش ہے۔

مستقبل میں یہ ریلوے ٹریک سعودی عرب کی سرحد پر واقع غویفت سے مشرقی ساحل پر فجیرہ کی بندرگاہ تک چلے گی اور متحدہ عرب امارات کے 11 اہم شہروں اور علاقوں کو بندرگاہ سے منسلک کردے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔