پی ڈی ایم کا 23 مارچ کو اسلام آباد میں مہنگائی مارچ کا اعلان

ویب ڈیسک  پير 6 دسمبر 2021
عام آدمی کی غربت، بے روزگاری کے حوالے سے بڑا مظاہرہ ہوگا، مولانا فضل الرحمان ۔ فوٹو : فائل

عام آدمی کی غربت، بے روزگاری کے حوالے سے بڑا مظاہرہ ہوگا، مولانا فضل الرحمان ۔ فوٹو : فائل

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے 23 مارچ کو اسلام آباد میں مہنگائی مارچ کا اعلان کردیا۔

پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس آج پیر کو اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں حکومت مخالف تحریک چلانے اور 23 مارچ کو مہنگائی مارچ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 2018ء میں انتخابات کے نتیجے میں عوامی مینڈیٹ سے محروم، دھاندلی سے حکومت وجود میں آئی، یہ حکومت نااہل اور پبلک کی سپورٹ سے محروم تھی.

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم 23 مارچ کواسلام آباد کی طرف مہنگائی مارچ کرے گی، پورے ملک سے عوام اسلام آباد آئے گی، عام آدمی کی غربت، بے روزگاری کے حوالے سے بڑا مظاہرہ ہوگا اور صوبائی سطح پر مارچ کیلئے حکمت عملی طے ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک نمائندہ سیمینار کا انعقاد بھی کریں گے جس میں سپریم کورٹ بار اور پاکستان بار کونسل کے نمائندگان سے بھی ملاقات کی جائے گی، سول سوسائٹی اور دیگر کمیونٹی کی بھی مشاورت سے ایک بڑا سیمینار منعقد کیا جائے گا۔

پی ڈی ایم اجلاس میں اسمبلیوں میں استعفوں کا معاملہ بھی زیر غور آیا مگر یہ کارڈ کب استعمال کرنا ہے اسکا فیصلہ ہم اپنے وقت پر اپنی مرضی سے کریں گے، اجلاس میں سیالکوٹ واقعے کی بھی مذمت کی گئی، آئندہ کیلئے اس طرح کے واقعات کی روک تھام ہونی چاہیے۔

قبل ازیں  اجلاس میں پی ڈی ایم جماعتوں کا صوبائی سطح پر بھی مشاورت کرنے پر اتفاق ہوا۔ اس حوالے سے چاروں صوبوں میں پی ڈی ایم اجلاسز منعقد کیے جائیں گے۔ پی ڈی ایم پنجاب کا اجلاس شہباز شریف کی زیر صدارت ہوگا۔ پی ڈی ایم خیبر پختونخوا کا اجلاس مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت ہوگا۔

اسی طرح پی ڈی ایم سندھ کے اجلاس کی صدارت اویس نورانی کریں گے۔ پی ڈی ایم بلوچستان کے اجلاس کی محمود خان اچکزئی کریں گے۔ تمام رہنما اپنے متعلقہ صوبوں سے کارکنوں کو لانے کے ذمہ دار ہوں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔