پی ڈی ایم نے مہنگائی مارچ کا طریقہ کار اور حکمت عملی وضع کرلی

اسٹاف رپورٹر  منگل 7 دسمبر 2021
ہم اسلام آباد آئیں گے اور دونوں جڑواں شہر ڈی چوک بن جائیں گے، پی ڈی ایم (فوٹو : فائل)

ہم اسلام آباد آئیں گے اور دونوں جڑواں شہر ڈی چوک بن جائیں گے، پی ڈی ایم (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: پی ڈی ایم کی اسٹیرنگ کمیٹی نے مہنگائی مارچ کا طریقہ کار اور حکمت عملی وضع کرلی جس کی سفارشات جلد سربراہ اجلاس میں پیش کی جائیں گی، پی ڈی ایم نے کہا ہے کہ ہم اسلام آباد آئیں گے اور دونوں جڑواں شہر ڈی چوک بن جائیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ڈی ایم کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس کنوینر شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہوا جس میں 23 مارچ کے مہنگائی مارچ سے متعلق حکمت عملی وضع کی گئی۔

ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں مہنگائی مارچ کے طریقہ کار اور حکمت عملی وضع کر لی ہے، پی ڈی ایم عوام کی آواز بن چکی ہے، موجودہ کرپٹ سسٹم کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔

یہ پڑھیں : اپوزیشن لانگ مارچ کی تاریخ بدلے ، پھر نہ کہے کہ راستے بند کردیے، وزیر داخلہ

انہوں نے کہا کہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ مارچ کے شرکا کو روکا جائے گا، کوئی ہمیں روک کر دکھائے تو پتا چل جائے گا گھوڑا بھی حاضر اور میدان بھی۔

حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ کا فیصلہ صرف جے یو آئی کا تھا جب کہ لانگ مارچ کا فیصلہ پی ڈی ایم کا متفقہ فیصلہ ہے، لاکھوں لوگ اسلام آباد لانگ مارچ میں شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ 23 مارچ قومی دن ہے، تو ہم بھی اسی ملک کے باسی ہیں اس دن کا مقصد ہی یہ ہے کہ ہم حقیقی جمہوریت چاہتے ہیں، یہ قرارداد مقاصد کی بنیادی روح ہے۔

اسی سے متعلق : پی ڈی ایم کا 23 مارچ کو اسلام آباد میں مہنگائی مارچ کا اعلان

ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم مارچ کے مالی اخراجات تمام جماعتیں خود ادا کریں گی، یہ کوئی فارن فنڈنگ کا مسئلہ نہیں، 23 مارچ کو امن و امان کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے، ہم ہر صورت مارچ کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔