لوکل گورنمٹ ایکٹ پر اعتراضات دور کرنے کیلیے سندھ اسمبلی کا اجلاس 10 دسمبر کو طلب

ویب ڈیسک  منگل 7 دسمبر 2021
[فائل-فوٹو]

[فائل-فوٹو]

 کراچی: سندھ کابینہ کا اجلاس 9 دسمبر جمعرات اورسندھ اسمبلی کا اجلاس جمعہ 10 دسمبر کو طلب کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ کے اجلاس میں سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2021 پرگورنرسندھ کے اعتراضات کا جائزہ لیتے ہوئے  انہیں دور کرکے بل کی دوبارہ توثیق کا امکان ہے۔

سندھ کابینہ کا اجلاس جمعرات 9 دسمبرکو وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت منعقد ہوگا جس میں امن وامان کی صورتحال کے علاوہ سندھ کے ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اہم امور پرغورکیا جائے گا۔

جمعہ 10 دسمبر کو ہونے والے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2021 پیش کرکے اسے دوبارہ منظورکیا جائے گا۔ اجلاس بعد نمازجمعہ سندھ اسمبلی بلڈنگ میں طلب کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ کو آئین کے آرٹیکل (a)140 کی روح کے خلاف قراردیتے ہوئے 10 اعتراضات کےساتھ بلدیاتی قانون کا مسودہ سندھ اسمبلی کو واپس بھیج دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔