پاکستان تنہا افغانستان کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا، وزیرخارجہ

ویب ڈیسک  بدھ 8 دسمبر 2021
پاکستان پہلے ہی 30 لاکھ افغان مہاجرین کا بوجھ اٹھا رہا ہے، شاہ محمود قریشی فوٹو:فائل

پاکستان پہلے ہی 30 لاکھ افغان مہاجرین کا بوجھ اٹھا رہا ہے، شاہ محمود قریشی فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان تنہا یہ بوجھ نہیں اٹھا سکتا البتہ ہم مل کر ان چیلنجز سے نمٹ سکتے ہیں، پاکستان پہلے ہی 30 لاکھ افغان مہاجرین کا بوجھ اٹھا رہا ہے۔

دورہ بیلجیئم کے حوالے سے میڈیا سے  بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  کا کہنا تھا کہ ہمارے آئین اور قانون کے مطابق اقلیتوں کو تحفظ حاصل ہے، دین بھی اقلیتوں کے تحفظ کا درس دیتا ہے، ہندوستان میں جہاں اقلیتوں کا جینا دو بھر کیا گیا وہاں پاکستان نے ہندوستان سمیت دنیا بھر میں سکھوں کیلئے کرتارپور راہداری کو کھولا گیا، پاکستان میں دیوالی اور کرسمَس کے تہواروں کو پوری مذہبی آزادی کے ساتھ منایا جاتا ہے، سیالکوٹ کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے جس کا کوئی اخلاقی، انسانی جواز نہیں، اس واقعہ کے رونما ہونے سے پاکستان کو ندامت اٹھانا پڑی، لیکن یہ بھی یاد رہے کہ عدنان بھی اسی مجمعے میں موجود تھا جہاں یہ دلخراش واقعہ ہوا، جس کے کردار کو وزیر اعظم عمران خان نے سراہا اور ان کیلئے تمغہ ء شجاعت کا اعلان کیا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس وقت ہمارا مقصد افغانستان کو ابھرتے ہوئے اقتصادی اور انسانی بحران سے بچانا ہے، میں نے یہی پیغام دیا ہے کہ اگر افغانستان میں حالات کشیدہ ہوئے تو اس کے مضمرات دور رس ہوں گے، اشرف غنی کے بعد جب افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت قائم ہوئی تو ہندوستان نے ہمیں ذمہ دار ٹھہرانے کیلئے “سینکشن پاکستان ” کمپین چلائی لیکن انہیں ناکامی ہوئی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مجھے یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل نے بتایا کہ یورپی یونین نے امدادی سامان پر مشتمل سات جہاز افغانستان بھجوائے، 38 ملین افغانوں کی معاشی معاونت کیلئے تحرک کرنا ہو گا اور آج دنیا انگیج ہو چکی ہے، افغانستان کے چھ قریبی ہمسایہ ممالک کا پلیٹ فارم قائم ہو چکا ہے، ہم دنیا کو باور کروا رہے ہیں کہ پاکستان تنہا یہ بوجھ نہیں اٹھا سکتا البتہ ہم مل کر ان چیلنجز سے نمٹ سکتے ہیں، پاکستان پہلے ہی 30 لاکھ افغان مہاجرین کا بوجھ اٹھا رہا ہے۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا اثانہ ہیں انہوں نے دیار غیر میں محنت سے اپنی عزت بنائی ہے اور انہوں نے 30 ارب ڈالر ترسیل زر پاکستان بھجوائیں، ایک طبقہ پاکستان سے رقم لوٹ کر باہر چلا جاتا ہے اور دوسرا طبقہ یہاں مزدوری کر کے پاکستان میں رقم بھیجتا ہے، ہم نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے جلد حل کیلئے ایف ایم پورٹل کا آغاز کر دیا ہے، ہم نے اپنے تمام سفراء کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ بہترین رویہ اپنانے کا درس دیا ہے۔

 

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔