غیر ملکی ماڈل ٹریزا نے پاسپورٹ کی واپسی کےلیے عدالت سے رجوع کرلیا

ویب ڈیسک  بدھ 8 دسمبر 2021
ماڈل ٹریزا کو ہائیکورٹ نے چار سال بعد بری کرنے کا حکم دیا تھا۔ فوٹو:فائل

ماڈل ٹریزا کو ہائیکورٹ نے چار سال بعد بری کرنے کا حکم دیا تھا۔ فوٹو:فائل

لاہور: غیر ملکی ماڈل ٹریزا نے پاسپورٹ کی واپسی کے لیے سیشن کورٹ سے رجوع کرلیا۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق منشیات برآمدگی کیس میں بری ہونے والی غیر ملکی ماڈل ٹریزا نے پاسپورٹ کی واپسی کے لیے سیشن کورٹ لاہور سے رجوع کرلیا ہے،  ماڈل ٹریزا نے سامان کی سپرد داری کے لیے وکیل کی وساطت سے درخواست دائر کی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: غیر ملکی ماڈل ٹریزا منشیات اسمگلنگ کیس میں بری

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے مؤقف پیش کیا کہ ہائی کورٹ سے منشیات کے مقدمے سے بری ہوچکی ہوں، پاسپورٹ، نقدی سمیت دیگر اشیاء کسٹم حکام کے قبضے میں ہیں، عدالت سامان واپس کرنے کا حکم دے۔

واضح رہے کہ یورپی ملک چیک ری پبلک  سے تعلق رکھنے والی ماڈل ٹریزا کو 10 جنوری 2018 کو ساڑھے 8 کلو ہیروئن بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش میں لاہورایئر پورٹ سے متحدہ عرب امارات جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا، ٹرائل کورٹ نے ماڈل ٹریزا کو منشیات کیس میں قید کی سزا سنائی تھی جسے ٹریزا نے لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا تھا، ماڈل ٹریزا کو ہائیکورٹ نے چار سال بعد بری کرنے کا حکم دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔