کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی کس مذہب کے مطابق ہوگی؟

ویب ڈیسک  بدھ 8 دسمبر 2021
 ابتدا میں خبریں آرہی تھیں کہ دونوں کورٹ میرج کریں گے فوٹوفائل

ابتدا میں خبریں آرہی تھیں کہ دونوں کورٹ میرج کریں گے فوٹوفائل

ممبئی: لوگ یہ جاننے کے لیے بے تاب ہیں کہ بالی ووڈ کی ’کیٹ‘ کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی کی رسومات کون سے مذہب کے مطابق ہوں گی۔

بھارتی میڈیا میں اس وقت اداکارہ کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وکی کوشل ایک ہندو پنجابی فیملی سے تعلق رکھتے ہیں جب کہ کترینہ کیف ایک مسلم برٹش ہیں۔

اگر وکی پیڈیا کو دیکھا جائے تو وہاں موجود معلومات کے مطابق کترینہ کیف کی والدہ مسیحی مذہب سے تعلق رکھتی ہیں اور ان کے والد کا تعلق مسلم مذہب سے ہے۔ لیکن کترینہ نے آج تک یہ نہیں بتایا کہ وہ کس مذہب کو فالو کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کترینہ اور وکی کی شادی کے نشریاتی حقوق 80 کروڑ میں فروخت 

تاہم بالی ووڈ کی باربی ڈول کو اپنی فلموں کی ریلیز سے قبل مندر، چرچ  اور درگاہوں پر جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ اسلیے لوگوں کو یہ تجسس ہے کہ آخر ان دونوں کی شادی  کی رسومات کون سے مذہب کے مطابق ہوں گی۔ یہی وجہ ہے کہ ابتدا میں خبریں آرہی تھیں کہ دونوں کورٹ میرج کریں گے۔

لیکن اب کہا جارہا ہے کہ وکی اور کترینہ کی شادی دو طریقوں سے ہوگی۔ ایک بھارتی ویب سائٹ کے مطابق پہلے دونوں کی شادی ہندو مذہبی رسوم رواج کے مطابق ہوگی جس میں سات پھیرے بھی ہوں گے۔ جب کہ دوسری ’’وہائٹ ویڈنگ‘‘ ہوگی یعنی مسیحی رسوم و رواج کے مطابق۔

یہ بھی پڑھیں:   کترینہ کیف وکی کوشل سے عمر میں کتنی بڑی ہیں؟

رپورٹس میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ شادی کی تقریب میں قریبی رشتے داروں اور دوستوں سمیت ٹوٹل 120 مہمان شرکت کریں گے۔ جب کہ ایک اور ویب سائٹ کے مطابق وکی اور کترینہ کی شادی کی تقریب میں 400 خواتین اور لڑکیاں شرکت کریں گی کیونکہ جوڑے نے 400 مہندی کی کون کا انتظام کیا ہے۔

واضح رہے کہ وکی کوشل اور کترینہ کیف راجستھان کے ضلع سوائی مادھور پور کے سکس سینسز فورٹ باروارہ ہوٹل میں 9 دسمبر کو  شادی کے بندھن میں بندھیں گے۔ دونوں گزشتہ دو برس سے ایک دوسرے کے ساتھ تھے اور کووڈ لاک ڈاؤن کے دوران ایک دوسرے کے قریب آئے۔ حالانکہ دونوں نے کبھی عوامی مقامات یا میڈیا پر اپنے رشتے کی تصدیق نہیں کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔