کراچی والے 11 ماہ میں 47148 موٹر سائیکلوں اور 23124 موبائل فونز سے محروم

اسٹاف رپورٹر  بدھ 8 دسمبر 2021
کراچی میں لوٹ مار ، گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں اور موبائل فونز چھیننے کی وارداتیں عروج پر ہیں  فوٹو: فائل

کراچی میں لوٹ مار ، گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں اور موبائل فونز چھیننے کی وارداتیں عروج پر ہیں فوٹو: فائل

 کراچی: شہر قائد کے باسی 11 ماہ میں 47 ہزار 148 موٹر سائیکلوں اور 23 ہزار 124 موبائل فونز سے محروم ہوگئے۔

سی پی ایل سی کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے 11 ماہ کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں سے مجموعی طور پر شہریوں کو ایک ہزار 917 گاڑیوں سے محروم کر دیا گیا، جس میں 215 گاڑیاں چھینی جب کہ 1702 گاڑیاں چوری کرلی گئیں۔

گزشتہ 11 ماہ کے دوران مجموعی طور پر شہریوں کو 47 ہزار 148 موٹر سائیکلوں سے ہاتھ دھونا پڑا، جس میں 4145 موٹر سائیکلیں چھینی جبکہ 43 ہزار 3 موٹر سائیکلوں کو چوری کرلیا گیا۔

اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں سے مجموعی طور پر 23 ہزار 124 موبائل فونز شہریوں سے چھین لیے گئے، رواں سال کے 11 ماہ کے دوران اغوا برائے تاوان کے 15 واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ بھتہ خوری کے بھی 23 واقعات سامنے آئے ، شہر میں جاری قتل و غارت گری کے واقعات میں مجموعی طور پر 442 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا جبکہ رواں سال کے دوران بینک ڈکیتی کی 2 وارداتیں رونما ہوئیں۔

نئے کراچی پولیس چیف عمران یعقوب منہاس نے رواں سال مئی میں اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تھا اور اس موقع پر انھوں نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا تھا تاہم ان کی تعیناتی کے 7 ماہ کے دوران شہری مجموعی طور پر 1281 گاڑیوں ، 30 ہزار 669 موٹر سائیکلوں اور 14 ہزار 953 موبائل فونز سے محروم کر دیئے جب کہ اسی دوران شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر درجنوں شہریوں کو نہ صرف مزاحمت پر فائرنگ کر کے زخمی کر دیا بلکہ کئی شہریوں کو ابدی نیند بھی سلا دیا۔

ترجمان کراچی پولیس کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر ملزمان کی گرفتاریوں کے دعوؤں کے باوجود شہر میں اسٹریٹ کرائمز ، دکانوں میں گھس کر اسلحے زور پر لوٹ مار ، گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں اور موبائل فونز چھیننے کی وارداتیں عروج پر رہیں جس سے پولیس کی کارکردگی کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔