قومی بچت اسکیموں پر منافع کی شرح میں ایک فیصد تک اضافہ

ارشاد انصاری  جمعرات 9 دسمبر 2021
بہبود سیونگ سرٹیفکیٹس اور شہداء فیمیلز ویلفیئر اکاؤنٹس پر منافع کی شرح 12.96 فیصد کردی گئی فوٹو: فائل

بہبود سیونگ سرٹیفکیٹس اور شہداء فیمیلز ویلفیئر اکاؤنٹس پر منافع کی شرح 12.96 فیصد کردی گئی فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے نتیجے میں قومی بچت اسکیموں پر منافع کی شرح میں بھی ایک فیصد تک اضافہ کردیا ہے. 

وزارت خزانہ نے قومی بچت اسکیموں پر منافع کی شرح میں اضافہ کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جس کے تحت نئی شرح کا اطلاق 10 دسمبر سے ہوگا۔

قومی بچت اسکیموں پر منافع کی نئی شرح کے مطابق بہبود سیونگ سرٹیفکیٹس، پنشنرز بینفٹس اکاؤنٹس اور شہداء فیمیلز ویلفیئر اکاؤنٹس پر منافع کی شرح بڑھا کر12.96 فیصد ، اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹس اور اسپیشل سیونگ اکاوؤنٹس پر منافع کی شرح 10.60 فیصد، ریگولر انکم سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح بڑھا کر10.80 فیصد اور سیونگ اکاؤنٹس پر منافع کی شرح بڑھا کر 7.25 فیصد کردی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق 3 ماہ کے شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹس کے لئے منافع کی شرح بڑھا کر 9.24 فیصد ، چھ ماہ کے شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹس کے لئے منافع کی شرح بڑھا کر 9.66 فیصد اور ایک سال کے شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹس کیلئے منافع کی شرح بڑھا کر10.26 فیصد کردی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔