ملک میں ناانصافی اور غیر مساوی ترقی سے انتشار پھیلتا ہے وزیراعظم

وہ ملک محفوظ نہیں ہوسکتا جہاں چند شہر ترقی کریں اور باقی ملک یا صوبہ پیچھے رہ جائے، عمران خان


ویب ڈیسک December 13, 2021
ہمیں اپنے ملک کی دفاع کے لیے بہتر انداز میں موقف اپنانے کی ضرورت ہے، وزیراعظم۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپشن قانون کی حکمرانی نہ ہونےکی علامت ہے، قانون پرعمل نہ ہونے سے کرپشن جنم لیتی ہے۔

اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب کہا جا رہا تھا پاکستان ایشیا کا کیلیفورنیا بننے جا رہا ہے، پاکستان ایشیا میں بڑی تیزی سے ترقی کر رہا تھا، پھر ہم نے اپنے ملک کا زوال بھی دیکھا، مسائل کے حل کیلئے ہمیں لیڈر شپ کی کمی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرپشن قانون کی حکمرانی نہ ہونے کی علامت ہے، تمام مسائل کا حل قانون کی حکمرانی میں ہے، جمہوریت وہیں مستحکم ہوتی ہے جہاں قانون کی حکمرانی ہوتی ہے، قانون کی حکمرانی جرائم پیشہ افراد کو آگے بڑھنے سے روکتی ہے، کسی بھی ملک میں قانون پر عمل نہ ہونے سے نقصان ہوتا ہے، قانون پرعمل نہ ہونے سے کرپشن جنم لیتی ہے، مسائل کی سب سے بڑی وجہ قانون کی حکمرانی کا نہ ہونا ہے،

عمران خان نے کہا کہ کوئی مذہب دہشتگردی کی اجازت نہیں دیتا، دنیا بھر میں اسلاموفوبیا کے ذمہ دار ہم نہیں ہیں، مغرب میں تھنک ٹینکس کہتے تھے پاکستان خطرناک ملک ہے، ہمارے ملک کی بہتر انداز میں ترجمانی نہیں کی گئی، کوئی بھی شخص آسانی سے پاکستان کے اچھے اور برے ہونے کی رائے دے دیتا ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے 80 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے، ہمیں اپنے ملک کی دفاع کے لیے بہتر انداز میں موقف اپنانے کی ضرورت ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ کوئی بھی ملک محفوظ نہیں ہوسکتا جہاں چھوٹا سا طبقہ امیر ہوتا جائے اور باقی لوگ پیچھے رہ جائیں، وہ بھی ملک محفوظ نہیں ہوتا جہاں ایک علاقہ، یا دو تین شہروں میں ترقی ہو لیکن باقی ملک یا صوبہ پیچھے رہ جائے، انتشار کی یہی وجہ ہوتی ہے، ناانصافی اور غیر مساوی ترقی کی وجہ سے لوگ کھڑے ہوجاتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں