آئندہ چند سالوں میں ملک میں گیس نہیں رہے گی فواد چوہدری

گیس کے ذخائر میں سالانہ 9 فیصد کمی آرہی ہے چند برس میں گیس ختم ہوجائیگی سستی گیس کے عادی اپنی عادت بدلیں، فواد چوہدری


ویب ڈیسک December 14, 2021
گیس کے ذخائر میں سالانہ 9 فیصد کمی آرہی ہے، فواد چوہدری (فوٹو : فائل)

حکومت نے ملک میں گیس کے ذخائر ختم ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا، وزیر اطلاعات نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ گیس کے ذخیروں میں سالانہ 9 فیصد کمی ہورہی ہے چند برس بعد ملک میں گیس ختم ہوجائے گی سستی گیس کے عادی افراد اپنی عادتیں بدلیں۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے گیس بحران پر کہا کہ شہروں میں رہنے والے صرف 28 فیصد لوگوں کا بوجھ 78 فیصد لوگ اٹھا رہے ہیں جو گیس سے محروم ہیں، تمام شہروں میں فراہم کی گئی گیس سبسڈی پر دی جارہی ہے اور اس کا بوجھ 78 فیصد ان لوگوں پر آرہا ہے جو کوئلہ، لکڑی اور ایل پی جی استعمال کرتے ہیں لیکن یہ سلسلہ زیادہ عرصے نہیں چلے گا۔

یہ بھی پڑھیں : سندھ حکومت ناراض ہونے کی بجائے اشیاء کی قیمتیں کنٹرول کرے، فواد چوہدری

فواد چوہدری نے عوام کو خبردار کیا کہ ملک میں ہر سال گیس کے ذخائر میں کمی واقع ہورہی ہے، پچھلے برس بھی 9 فیصد گیس کم ہوئی اور رواں سال بھی گیس کے ذخیروں میں 9 فیصد کمی آئی ہے، چند برس بعد ملک میں گیس نہیں رہے گی۔



انہوں ںے مزید کہا کہ بڑے شہروں میں رہنے والے وہ لوگ جو سستی گیس کے عادی ہوچکے ہیں انہیں اپنی عادتیں بدلنی ہوں گی اور حکومت کو گیس کا پورا سسٹم بدلنا ہوگا کیوں کہ توانائی کے ذخیروں پر ان 78 فیصد لوگوں کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا کہ بڑے شہروں میں رہنے والے 28 فیصد افراد کا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں