حکومت نے ذکا اشرف کو ہٹا کر نجم سیٹھی کو ایک بار پھر چیرمین پی سی بی بنا دیا

ویب ڈیسک  پير 10 فروری 2014
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ذکا اشرف کو گزشتہ ماہ ہی دوبارہ چیرمین کے عہدے پر بحال کردیا تھا۔ فوٹو:فائل

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ذکا اشرف کو گزشتہ ماہ ہی دوبارہ چیرمین کے عہدے پر بحال کردیا تھا۔ فوٹو:فائل

اسلام آباد: حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کو تحلیل کرنے کے بعد ذکا اشرف کو عہدے سے برطرف کرکے نجم سیٹھی کو چیرمین پی سی بی بنا دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت بین الصوبائی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو تحلیل کرکے ذکا اشرف کو بھی چیرمین کے عہدے سے فارغ کردیا ہے جب کہ کرکٹ کے معاملات چلانے کےلئے 8 رکنی عبوری کمیٹی تشکیل دی جس میں شہریارخان، نجم سیٹھی، ظہیرعباس، نویداکرم، شکیل شیخ، اقبال قاسم، یوسف کھوکھر اور عامرطارق زمان شامل ہیں، عبوری کمیٹی نے ممبران سے تبادلہ خیال کے بعد سابق عبوری چیرمین نجم سیٹھی کو ایک بار پھر چیرمین پی سی بی مقرر کردیا۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نئے چیرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے آئین کےتحت اپنےاختیارات کااستعمال کرتےہوئےکمیٹی بنائی اور تمام اراکین نے متفقہ طور پر مجھے چیرمین پی سی بی منتخب کیا ہے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ آئین کے تحت آج تک چیرمین منتخب نہیں کیا گیا ہمیں کہا گیا ہے کہ نیا آئین بنایاجائےجس میں چیرمین کاانتخاب ہو، ہم تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد پی سی بی کا آئین بنائیں گے۔

دوسری جانب ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ حکومت نے آئین کی ایک شق میں تبدیلی کی ہے جب کوئی تحریری چیز سامنے آئے گی تو دیکھیں گے کیا کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کرکٹ بحران کا شکار ہے حکومت کی جانب سے جو قدم اٹھایا گیا ہے وہ بڑا افسوس ناک ہے، آج پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا سیاہ دن ہے۔

واضح رہے کہ چوہدری ذکا اشرف نے 27 اکتوبر 2011 کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین کا عہدہ سنبھالا تھا اور جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے جولائی 2013 انہیں چیرمین پی سی بی کے عہدے سے برطرف کرنے کے احکامات جاری کئے تھے تاہم گزشتہ ماہ 15 جنوری کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ریاض احمد خان اور جسٹس نور الحق قریشی پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے انہیں دوبارہ عہدے پر بحال کردیا تھا جس کے خلاف حکومت نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تاہم بعد میں وہ درخواست واپس لے لی گئی۔

کیا حکومت کا ذکا اشرف کو چیرمین پی سی بی کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ درست ہے؟

  • نہیں (84%, 5,028 Votes)
  • ہاں (16%, 966 Votes)

5,994 : کل ووٹرز

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔