عمرہ پر بیس لاکھ لوگ جاتے ہیں مگر ٹیکس نہیں دیتے، نور الحق قادری

ویب ڈیسک  جمعرات 16 دسمبر 2021
[فائل-فوٹو]

[فائل-فوٹو]

 راولپنڈی: وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ سانحہ سیالکوٹ پاکستان کو بدنام کرنے کے حوالے سے بڑی سازش ہے۔

راولپنڈی چیمبر آف کامرس میں “قرآن اور حدیث کی روشنی میں بزنس” کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تجارت میں ہلال و حرام کی تمیز معنی رکھتی ہے اور یہ شعور ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا، “خوشی ہے کہ چیمبر نے ایک اہم موضوع کا انتخاب کیا ہے۔ راولپنڈی چیمبر نے اہم روایت کا آغاز کردیا ہے۔

وفاقی مذہبی امور کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ایک سال قبل پوچھا تھا کہ حاجیوں کی تعداد کتنی ہے تو میں نے کہا تھا کہ انڈونیشیا کے بعد ہم دوسرے بڑے ملک ہیں لیکن عمرہ پر بیس لاکھ لوگ بغیر ٹیکس کی ادائیگی کے جاتے ہیں اور ٹیکس چھپانے کے لیئے کوئی نہ کوئی حیلہ تلاش کرتے ہیں جبکہ یہی پاکستانی دوسرے ملک میں ہوتے ہیں تو اس کے تمام قوانین فالو کرتے ہیں۔

سانحہ سیالکوٹ کے حوالے سے کہا کہ دبئی میں ایک فورم کے دوران انتہائی شرمسار رہا کہ کیا کہوں، قائداعظم نے تو کہا تھا پاکستان میں تمام مذاہب کو آزادی ہوگی لیکن یہ تو وہ پاکستان ہی نہیں ہے۔

اے پی ایس سانحہ سے متعلق نورالحق قادری نے کہا کہ یہ ایک دلخراش واقعہ ہے جو ہمیشہ تکلیف دیتا رہے گا، 16 دسمبر کی یہ شام ایک بڑے سانحہ سے جڑی ہے۔ ہماری ماؤں بہنوں بزرگوں نے پاکستان کی خاطر بہت قربانیاں دیں تب جاکر یہ پاکستان بنا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔