امریکا میں چور 58 فٹ طویل پُل لے اڑے

ویب ڈیسک  جمعـء 17 دسمبر 2021
اوہایو کے ایک پارک میں قدرتی ندی پر واقع 58 فٹ طویل پل چوری کرلیا گیا ہے۔ فوٹو: ڈیلی میل

اوہایو کے ایک پارک میں قدرتی ندی پر واقع 58 فٹ طویل پل چوری کرلیا گیا ہے۔ فوٹو: ڈیلی میل

اوہایو: ہم نے قیمتی اشیا، زیورات، کار اور ٹرکوں کی چوری کے متعلق تو سنا تھا اور اب عجیب خبر یہ ہے کہ امریکی ریاست اوہایو میں چوروں نے پیدل چلنے والوں کا ایک طویل پل چرالیا ہے جس کی لمبائی 58 فٹ ہے۔

یہ پل ایک دریائی ندی کویا ہوگا کے آرپار موجود تھا جو مڈل بیری رن پارک کا حصہ ہے۔ ندی کی بحالی کا کام جاری تھا جس کےلیے وقتی طور پر پل کو ہٹایا گیا تھا لیکن حیرت انگیز طور پر وہ وہاں سے غائب ہوگیا اور اب تک نہیں ملا۔ اس پل کی قیمت چالیس ہزار ڈالر کے لگ بھگ بتائی جارہی ہے۔

ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ چور اس پل کو کھول کر ایک یا ایک سے زائد ٹرکوں میں رکھ کر لے گئے ہیں لیکن پولیس پریشان ہے کہ وہ اس پل کا کیا کریں گے؟ اپنی ساخت کی بنا پر اسے اٹھانا اور ہلانا بہت آسان تھا۔ پل کا غالب حصہ پالیمر پر مشتمل تھا جسے نٹ بولٹ سے جوڑا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق اسے کھولنا توآسان تھا لیکن دوبارہ بند کرنا بہت مشکل ہے۔ تفتیشی افسران کے مطابق پل کے مختلف حصے مختلف اوقات میں لے جائے گئے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگر کوئی اس پل کو ری سائیکل کرکے استعمال کرنا یا فروخت کرنا چاہتا ہے تو یہ بھی کوئی اچھا طریقہ نہیں ہے کیوں کہ ری سائیکل ہونے کے بعد اس کی قدر بہت ہی کم رہ جائے گی۔

پولیس نے عوام سے کہا ہے کہ اگرکوئی چوروں کے بارے میں کچھ جانتا ہے تو وہ ضرور مدد کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔