بجلی کی قیمت میں 4 روپے 33 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان

ویب ڈیسک  اتوار 19 دسمبر 2021
نیپرا کی منظوری کی صورت میں صارفین پر 40 ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا . فوٹو:فائل

نیپرا کی منظوری کی صورت میں صارفین پر 40 ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا . فوٹو:فائل

 اسلام آباد: بجلی کی قیمتوں میں چار روپے 33 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیلئے نیپرا میں درخواست دائر کردی ہے، جس کے بعد بجلی کی قیمتوں میں چار روپے 33 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے، اور نیپرا کی منظوری کی صورت میں صارفین پر 40 ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا۔

سی پی پی اے کی درخواست پر نیپرا 29 دسمبر کو سماعت کرے گا، قیمتوں میں اضافے کی درخواست ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ نومبر میں 8 ارب 24 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی، گزشتہ ماہ بجلی کی پیدواری لاگت 66 ارب رہی، ڈیزل سے 27 روپے 20 پیسے فی یونٹ تک مہنگی ترین بجلی پیدا ہوئی، فرنس آئل سے 20 روپے 27 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا ہوئی، ایل این جی سے بجلی کی پیداواری لاگت 17 روپے 26 پیسے رہی، ایران سے 13 روپے 35 پیسے فی یونٹ پر بجلی امپورٹ کی گئی، جب کہ 20 پیسے فی یونٹ بجلی لائن لاسز کی نذر ہوئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔