معروف جاپانی اداکارہ 22 ویں منزل سے گر کر ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 21 دسمبر 2021
اداکارہ سایاکا کانڈا ہوٹل کے باہر بے ہوشی کی حالت میں خون میں لت پت پائی گئیں، جاپانی میڈیا

اداکارہ سایاکا کانڈا ہوٹل کے باہر بے ہوشی کی حالت میں خون میں لت پت پائی گئیں، جاپانی میڈیا

ساپورو: معروف جاپانی اداکارہ و گلوکارہ سایاکا کانڈا اونچائی سے گر کر ہلاک ہوگئیں۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق 35 سالہ اداکارہ سایاکا شمالی جاپانی جزیرے ہوکائیدو کے دارالحکومت ساپورو کے ایک ہوٹل کی 22 ویں منزل پر ٹھہری ہوئی تھیں جہاں یہ حادثہ پیش آیا۔

جاپانی میڈیا کے مطابق اداکارہ سایاکا کانڈا ہوٹل کے باہر بے ہوشی کی حالت میں خون میں لت پت پائی گئیں۔ بتایا جارہا ہے کہ سایاکا کا کمرہ ہوٹل کی 22 ویں منزل پر تھا اور وہ وہاں سے گر گئیں۔

اداکارہ کو فوراً اسپتال لے جایا گیا لیکن ان کی جان نہ بچ سکی۔ سایاکا کی ایجنسی نے اداکارہ کی موت کی تصدیق کردی ہے۔

پولیس اس معاملے کی ممکنہ خودکشی کے کیس کے طور پر تحقیقات کر رہی ہے لیکن اس میں سازش کے عنصر کو بھی مسترد نہیں کیا جاسکتا۔ جب کہ اداکارہ کے دوستوں کا کہنا ہے کہ سایاکا خودکشی نہیں کرسکتی۔

واضح رہے کہ اداکارہ و گلوکارہ سایاکا کانڈا ڈزنی کی اینی میٹڈ فلم ’’فروزن‘‘ کے جاپانی ڈب ورژن میں فلم کے مشہور کردار اینا کی وائس اوور کے لیے مشہور تھیں اور تقریباً 20 سال کی عمر سے شوبز کی دنیا سے وابستہ تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔