ملک میں قانون اورمیرٹ لاناہےسب کچھ ٹھیک ہوجائےگا، وزیراعظم

ویب ڈیسک  منگل 21 دسمبر 2021
کرنٹ اکاؤنٹ خسارے سے نکلتے ہی ملک تیزی سے ترقی کرے گا، عمران خان فوٹو: فائل

کرنٹ اکاؤنٹ خسارے سے نکلتے ہی ملک تیزی سے ترقی کرے گا، عمران خان فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں قانون اورمیرٹ لاناہےسب کچھ ٹھیک ہوجائےگا۔

وزیراعظم عمران خان نے وزارت خارجہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی کامیاب کانفرنس پر مبارکباد پیش کرتاہوں، مختصر وقت میں وزرائے خارجہ کواکٹھا کرنا بڑی بات ہے، ملک کاتشخص بہتر بنانے کی کوشش کریں گے، اوآئی سی کانفرنس کرانےکاہمارامقصدپوراہوا۔

عمران خان نے کہا کہ ایک وقت تھا پاکستان کاوزیراعظم امریکہ جاتاتو امریکی صدر استقبال کرتا، ہم نے پاکستان کا بہترین تشخص دیکھا، انسانی زندگی میں اونچ نیچ آتی ہے، ماضی میں حکمرانوں کی ترجیح عوام نہیں ڈالرز تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری اپنی غلطیوں کی وجہ سے ملک نیچے جاتارہا، ہم نے خود کو استعمال ہونے دیا، امداد کےلیے ملکی ساکھ کو قربان کردیا، صرف پیسے کے لیے عوامی مفاد کے خلاف پالیسی بنائی، دوسرےملکوں کی ناراضی سے بچنےکیلئےہم اپنےلوگوں کوقربان کردیتےہیں۔

مزید پڑھیے: غلط امیدواروں کا چناؤ بلدیاتی انتخابات میں شکست کی وجہ بنی، وزیراعظم

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں ماضی میں غلط فیصلے کیے جس کانقصان ہوا، ہمیں کسی کوقصوروار ٹھہرانے کے بجائے درست فیصلے کرنے چاہئیں، ملک میں قانون اورمیرٹ لاناہےسب کچھ ٹھیک ہوجائےگا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا افغانستان کے حوالے سے ہمارے موقف کی تائید کررہی ہے، افغانوں کی جلد از جلد امداد کی جائے، اوآئی سی کانفرنس کامقصد دنیا کوبتاناتھا کہ ہم تنہا بوجھ نہیں اٹھا سکتے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ملک کو کرنٹ اکاؤنٹ کا بحران درپیش ہے، جیسے ہی ترقی کرتے ہیں تو ڈالرز کی کمی ہوجاتی ہے جس سے روپے پر دباؤ پڑتا ہے، جیسے ہی کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے بحران سے نکلیں گے ملک تیزی سے ترقی کرے گا، ایک مرتبہ تو ہم اس بحران سے نکل گئے تھے، لیکن دنیا میں اجناس کی قیمتیں مہنگی ہونے سے دوبارہ مشکلات کا شکار ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔