لعنت ایسی حکومت پر جلد ان کے برے دن آنے والے ہیں، جیہ بچن بی جے پی پر پھٹ پڑیں

ویب ڈیسک  منگل 21 دسمبر 2021
جیہ بچن کے بارے میں حکمراں جماعت کے رکن نے نازیبا بات کی تھی، فوٹو: فائل

جیہ بچن کے بارے میں حکمراں جماعت کے رکن نے نازیبا بات کی تھی، فوٹو: فائل

نئی دلی: ماضی کی معروف اداکارہ اور موجودہ رکن اسمبلی جیہ بچن نے حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو اپنے بارے میں نازیبا ریمارکس اور مخالفین پر جھوٹے مقدمات بناکر گرفتار کرنے پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راجیہ سبھا میں ایک بل پر بحث کے دوران سماج وادی پارٹی کی رکن اسمبلی جیہ بچن نے اپنے بارے میں نازیبا ریمارکس دینے پر حکمراں جماعت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لعنت ہو ایسی حکومت پر، جلد ان کے برے دن آنے والے ہیں۔

جیہ بچن نے حکمراں جماعت کے رکن کے ان کے بارے میں نازیبا ریمارکس پر اسپیکر سے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے غیر جانبدار رہنے کے آئینی کردار سے اجتناب برتا ہے جس پر اسپیکر نے نازیبا ریمارکس کو کارروائی سے حذف کردیا۔

جیہ بچن نے مزید کہا کہ بی جے پی کو چند ماہ بعد اترپردیش میں ہونے والے انتخابات میں اپنی شکست واضح نظر آرہی ہے اس لیے وہ گھبراہٹ کا شکار ہیں۔

مخالف ارکان کی گرفتاری پر حکومت کے اس مؤقف پر کہ ملکی ایجنسیاں تفتیش میں آزاد ہیں جیہ بچن کا کہنا تھا کہ کیا بی جے پی کے ارکان گنگا نہائے ہوئے ہیں۔ سب کے گناہ معاف ہوگئے ہیں۔ان کے خلاف ایجنسیز کارروائیاں کیوں نہیں کرتیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔