سرحد کے قریب نیٹو فوجی تنصیبات پر روس کی حملے کی دھمکی

ویب ڈیسک  منگل 21 دسمبر 2021
[فائل-فوٹو]

[فائل-فوٹو]

 ماسکو: روسی وزارت دفاع کی میٹنگ میں صدر ولادمیر پوٹن نے کہا کہ اگر مغربی ممالک نے روس کیخلاف جارحانہ رویہ ترک نہ کیا تو روس فوجی کارروائی کرنے میں ذرا نہیں ہچکچائے گا۔

بین الاقوامی خبررساں ادارے بلومبرگ کے مطابق ولادمیر پوٹن کا کہنا تھا کہ نیٹو یوکرین میں  فوجی تنصیبات کررہا ہے جسکی وجہ سے روس پر داغے جانے والے میزائل حملوں کا وقت گھٹ کر 7 سے 10 منٹ تک ہوجائے گا۔

مذکورہ بالا حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے پوٹن کا کہنا تھا کہ روس ایسے حالات میں تمام جوابی کارروائیاں کرنے میں حق بجانب ہوگا۔

پوٹن کا امریکی سوچ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سرد جنگ میں فتح کے بعد امریکا خوش فہمیوں میں مبتلا ہوگیا ہے جسکی وجہ سے وہ حقائق پر مبنی فیصلے نہیں کرپا رہا۔ چاہے وہ نیٹو کے دائرہ کار بڑھانے سے متعلق ہوں یا اینٹی بیلسٹک میزائل معاہدے سے بےدخلی سے متعلق۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔