پرانے ڈیزائن والے کرنسی نوٹ تبدیل کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع

ارشاد انصاری  بدھ 22 دسمبر 2021
پرانے ڈیزائن والے کرنسی نوٹ تبدیل کیے جائیں گے، فوٹو: فائل

پرانے ڈیزائن والے کرنسی نوٹ تبدیل کیے جائیں گے، فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی حکومت نے دس، پچاس، سو اور ہزار روپے والے پرانے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ تبدیل کروانے کی تاریخ میں 31 دسمبر 2022 تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی جانب سے بھجوائی جانے والی سمری کی منظوری دیدی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پرانے ڈیزائن کے دس، پچاس، سو اور ہزار روپے والے پرانے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ تبدیل کروانے کی تاریخ میں توسیع کی منظوری دی جا چکی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان ایکٹ 1956 کی سیکشن 25 کی ذیلی شق 2 کے تحت منظوری دی اور وزارت خزانہ بھی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی سفارشات سے متفق ہے۔

سمری میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ پرانے ڈیزائن کے کرنسی نوٹوں کو تبدیل کرنے کی معیاد مقرر کرنے سے کچھ لوگ ان نوٹوں کو تبدیل کروانے سے محروم رہ جاتے ہیں لہذا ترقی یافتہ ممالک کے بینکوں کی جانب سےرائج پالیسی کی طرح پاکستان میں بھی لوگوں کو پرانے ڈیزائن کے بینک نوٹ تبدیل کروانے کی اجازت ہونی چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔