وفاقی وزیراطلاعات کا فنی خدمات پر نیشنل ایوارڈ کے دوبارہ اجرا کا اعلان

ویب ڈیسک  بدھ 22 دسمبر 2021
فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے ہم ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے، فواد چوہدری - فوٹو:فائل

فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے ہم ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے، فواد چوہدری - فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آئندہ سال پاکستان کے معروف موسیقاروں، آرٹسٹوں اور فلموں کے لیے 22 نیشنل ایوارڈز دیے جائیں گے، فلم، میوزک اور ٹی وی نیشنل ایوارڈز کے ذریعے تقریباً 25 کروڑ روپے سے زائد رقم موسیقاروں، فن کاروں اور فلم میکرز کو دی جائے گی۔

وزارت اطلاعات و نشریات، پاکستان ٹیلی ویژن اور پاکستان آرٹس کونسل کے مابین نیشنل ایوارڈز کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کا بیانیہ پیش کرنے کے ذرائع کو کمزور کیا گیا، فلم، ڈرامہ اور موسیقی کے شعبے عدم توجہی کا شکار رہے، 60ء کی دہائی میں ہم دنیا کے تیسرے بڑے فلم میکر تھے جبکہ سینما گھروں کے اعتبار سے بھی پاکستان دنیا میں تیسرے یا چوتھے نمبر پر تھا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نئی فلم پالیسی مکمل کرلی گئی ہے، فلم کی صنعت میں مراعات دی ہیں، مقامی مواد کی حوصلہ افزائی کے لئے غیر ملکی مواد پر ٹیکسز عائد کئے گئے ہیں، اکثر ٹیلی ویژن چینل غیر ملکی ڈرامے درآمد کرتے ہیں، ان سے مقامی سطح پر تیار ہونے والے ڈرامے بری طرح متاثر ہوتے ہیں، اشتہارات میں غیر ملکی اداکاروں کو ٹیلی کاسٹ کرنے سے ہمارے اپنے اداکاروں کا روزگار متاثر ہوتا ہے، بڑی کمپنیاں مقامی اداکاروں اور ماڈلز کو نظر انداز کر کے بیرون ملک سے ماڈلز اور ایکٹرز کو لے آتی ہیں، ایسے اشتہارات پر بھی ٹیکس لگائے جا رہے تاکہ اس طرح کے اقدامات کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں خوبصورت مقامات موجود ہیں جہاں فلم سازی کے لئے این او سی کے طریقہ کار کو آسان بنایا جا رہا ہے، پی ٹی وی کے اندر فلمز ڈویژن بنایا جا رہا ہے، دو بڑی فلمیں آخری مراحل میں ہیں، ظہیر الدین بابر پر ازبکستان کے ساتھ جبکہ علامہ محمد اقبال پر ایران کے ساتھ مل کر فلمیں تیار کر رہے ہیں، یہ دونوں فلمیں ملٹی ملین ڈالرز کی ہوں گی، ان کی پروڈکشن اور کاسٹ انٹرنیشنل معیار کی ہوگی، ٹیپو سلطان پر فلم پرائیویٹ کمپنی کے ساتھ مل کر بنائی جا رہی ہے، پی ٹی وی فلمز پر نوجوان فلم میکرز کو مواقع فراہم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان فلم میکرز آگے آئیں، ہمارے ساتھ مل کر فلم پروڈیوس کریں، ہم انہیں مارکیٹنگ کی سہولیات سمیت ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے، فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے ہم ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے، سینما گھروں پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے بجلی کے نرخوں میں رعایت سمیت ٹیکسوں میں بھی کمی کی ہے، ایک سینما اسکرین سے 23 خاندانوں کو روزگار ملتا ہے، این سی او سی کے ساتھ مل کر سینما گھروں کو کھولنے کے لئے اقدامات اٹھائے، نان انڈین پنجابی فلموں کی اجازت دی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ تفریحی چینلز کو پہلی مرتبہ حکومت کی اشتہارات کی پالیسی میں شامل کیا گیا ہے، ہم تفریحی چینلز کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ ہم پاکستان کی اسٹوری پیش کرنے کے لئے اپنے میڈیمز کو مضبوط بنائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔