اسکیم 33 میں ڈاکوؤں نے پٹرول پمپ سے 9 لاکھ روپے لوٹ لیے

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 23 دسمبر 2021
گارڈ سے اسلحہ بھی چھین لیا، ڈاکوؤں کے پاس پٹرول پمپ سے رقم کی منتقلی کی اطلاع تھی، ایس ایچ او سچل اورنگزیب خٹک
۔ فوٹو: فائل

گارڈ سے اسلحہ بھی چھین لیا، ڈاکوؤں کے پاس پٹرول پمپ سے رقم کی منتقلی کی اطلاع تھی، ایس ایچ او سچل اورنگزیب خٹک ۔ فوٹو: فائل

 کراچی: سچل تھانے کی حدود اسکیم 33 مدراس چوک کے قریب 4 ڈاکو پٹرول پمپ کے منیجر اور سیکیورٹی گارڈ سے9 لاکھ روپے کی نقدی اور اسلحہ چھین کر فرار ہو گئے۔

سچل تھانے کے علاقے اسکیم 33 مدراس چوک کے قریب 2 موٹر سائیکلوں پر سوار پر 4 ڈاکو اسلحہ کے زور پر پٹرول پمپ کے منیجر اور سیکیورٹی گارڈ سے 9 لاکھ روپے اوراسلحہ چھین کر فرار ہوئے، اطلاع ملتے ہی پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے اور پولیس نے شواہد ا کٹھا کر کے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔

ایس ایچ او سچل اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ گلشن کنیز فاطمہ سوسائٹی روڈ پر نجی پٹرول پمپ واقع ہے اورپٹرول پمپ کا منیجرنوید سیکیورٹی گارڈ پیر بخش کے ہمراہ چند قدم فاصلے پر واقع نجی بینک میں رقم جمع کرانے کے لیے جا رہا تھا جسے ہی منیجر اور سیکیورٹی گارڈ پٹرول پمپ سے نکلے تو انھیں 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ڈاکوؤں نے روک لیا، منیجر سے 9 لاکھ روپے اور سیکیورٹی گارڈ سے اس کا اسلحہ ایم پی فائیو رائفل چھین کر فرار ہو گئے۔

ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کے پاس پیٹرول پمپ سے رقم کی منتقلی کی مصدقہ اطلاع تھی پولیس کو شبہ ہے کہ واردات ملی بھگت سے کی گئی ہے تاہم پولیس نے پٹرول پمپ کے منیجر اور سیکیورٹی گارڈ کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کردیا، ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔